حارث سہیل کو ٹیم میں تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیا جانے لگا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 25 جون 2019
چوتھے نمبر پر بھیج کر اننگز کو آگے بڑھانے کا موقع دیں،عامرکااعتماد لوٹ آیا،وقاریونس
 فوٹو: فائل

چوتھے نمبر پر بھیج کر اننگز کو آگے بڑھانے کا موقع دیں،عامرکااعتماد لوٹ آیا،وقاریونس فوٹو: فائل

 لندن: حارث سہیل کو ٹیم میں تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیا جانے لگا۔

سابق کپتان و کوچ وقار یونس نے آئی سی سی کیلیے اپنے کالم میں تحریر کیا کہ جنوبی افریقہ سے میچ میں پاکستان نے بے خوف کرکٹ کھیلی، پلیئرز شکست کے بارے میں پریشان نہیں تھے، اسی چیز نے انھیں آزادی سے اپنا نیچرل گیم کھیلنے کا موقع فراہم کیا، اولڈ ٹریفورڈ میں مایوس کن کھیل کے بعد پاکستان کو اس فتح کی بہت سخت ضرورت تھی،کھلاڑیوں پر بہت زیادہ تنقید کی گئی تھی۔

انھوں نے کہا کہ گذشتہ ہفتہ ٹیم کیلیے بہت ہی سخت تھا، ایسے میں یہاں پر اچھی پرفارمنس پیش کرکے فتح سمیٹنا خاص طور پر خوش کن رہا، خاص طور پرحارث سہیل تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوئے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف حارث سہیل نے صرف 59 بالز پر فتح گر 89 رنز بناکر الیون میں جگہ پکی کرلی۔ انھوں نے بہت عمدگی سے بیٹنگ کی، ان کے 59 بالز پر 89 رنز واضح فرق ثابت ہوئے، یہ اس حارث سے مختلف تھے جنھیں میں پہلے کھیلتے ہوئے دیکھتا رہا۔

وقار یونس نے کہا کہ میرے خیال میں وہ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کیلیے زیادہ موزوں ہیں، تکنیکی طور پر مضبوط ہونے کی وجہ سے انھیں اننگز کو آگے بڑھانے کیلیے زیادہ اوورز دیے جا سکتے ہیں، ان کا اور بابر اعظم کا آپس میں تال میل اچھا اور دونوں کو ہی سنچریوں کی عادت ہے، وہ رن ریٹ کو بھی آگے بڑھاسکتے ہیں۔

وقار یونس نے محمد عامر کے بارے میں کہا کہ باقاعدگی سے وکٹیں لینے کی وجہ سے فاسٹ بولر کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔