اعتزاز احسن صدر زرداری کے استقبالیے میں سورة اخلاص بھول گئے

ویب ڈیسک  اتوار 8 ستمبر 2013
اعتزاز احسن سورة اخلاص پڑھتے پڑھتے بھول گئے اور مکمل سورة نہ پڑھ سکے۔ فوٹو: فائل

اعتزاز احسن سورة اخلاص پڑھتے پڑھتے بھول گئے اور مکمل سورة نہ پڑھ سکے۔ فوٹو: فائل

لاہور: پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کے جوش خطابت سے کون واقف نہیں جہاں وہ بولتے ہیں وہاں کسی اور کی دال نہیں گلتی لیکن آج لاہور میں صدر آصف علی زرداری کے استقبالیے میں وہ سورة اخلاص بھول گئے جو بچوں کو بھی یاد ہوتی ہے۔

پیپلز پارٹی کا دورحکومت خوب رہا اور کئی یاد گار اور پُرلطف لمحات بھی پیچھے چھوڑ گیا، آج بلاول ہاؤس لاہور میں صدر آصف زرداری کا استقبالیہ بھی یاد گار بن گیا جب تقریب میں اعتزاز احسن صدر کے حق میں پر جوش نعرے لگواتے رہے اور اپنے قائد کو سامنے دیکھ کر اتنے جذباتی ہوئے کہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض بھی خود سنبھال لئے۔

اب باری آئی صدر کو خطاب کی دعوت دینے کی تو رسم دنیا بھی ہے اور موقع بھی ہے دستور بھی، شاید اسی بات کو سامنےرکھتے ہوئے اعتزاز احسن نے سورة اخلاص کی تلاوت شروع کر دی لیکن وہ پڑھتے پڑھتے اٹک گئے اور مکمل سورة نہ پڑھ سکے۔

واضح رہے کہ پی پی دور حکومت میں کابینہ کے ایک اجلاس میں اس وقت کے وزیر داخلہ رحمان ملک بھی سورة اخلاص کی تلاوت کرتے کرتے اٹک گئے تھے، انہوں نے تو کئی بارکوشش کی لیکن زبان نے ساتھ نہ دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔