ڈی ایچ کیو اسپتال ڈی آئی خان میں خودکش دھماکے کی ویڈیو سامنے آگئی

ویب ڈیسک / رمضان سیماب  بدھ 24 جولائی 2019

ڈی آئی خان: ڈسٹرکٹ ہسپتال میں خودکش دھماکہ سے چند لمحے قبل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈسٹرکٹ اسپتال میں خودکش دھماکہ سے چند لمحے قبل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے، جس میں مبینہ خود کش حملہ آور خاتون سیاہ برقعے میں مشکوک حرکتیں کرتی اور ہدف کی جانب جاتی دکھائی دیتی ہے۔

ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ مبینہ خودکش حملہ آور خاتون سیاہ برقعے میں آتی دکھائی دیتی ہے، مشکوک خاتون اسپتال میں موجود ایک اور خاتون کے قریب جا کر کھڑی ہو جاتی ہے اور دوسری خاتون کے چلے جانے پر کالے برقع والی خاتون ٹراما سینٹر کی طرف جاتی ہے، اور اس کے ٹراما سینٹر جاتے ہی ایک زور دار دھماکا ہوتا ہے ، جس کے بعد وہاں کھڑے متعدد افراد خون میں لت پت زمین پر پڑے دکھائی دیتے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ڈی آئی خان میں پولیس چوکی پر فائرنگ اوراسپتال میں دھماکا

واضح رہے کہ رواں برس 21 جولائی کو ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈیرہ کوٹلہ سیدان پولیس چیک پوسٹ پر موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے 2 اہلکاروں کو شہید کردیا تھا،  شہید پولیس اہلکاروں کی لاشیں ڈسٹرکٹ اسپتال لائی گئیں تو اسپتال کے ٹراما سینٹرکے گیٹ پردھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں مزید 4 اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔