رابی پیرزادہ کو اژدھوں اور مگرمچھ کیساتھ تصاویر شیئر کرنا مہنگا پڑگیا

عدالت نے اداکارہ رابی پیرزادہ کو 27 ستمبر کو طلب کرلیا


ویب ڈیسک September 16, 2019
عدالت نے اداکارہ رابی پیرزادہ کو 27 ستمبر کو طلب کرلیا

عدالت نے گلوکارہ رابی پیر زادہ کو غیر قانونی طور پر اژدھا، مگرمچھ اور سانپ رکھنے کےالزام میں 27 ستمبرکو طلب کرلیا۔

پنجاب وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ (محکمہ تحفظ جنگلی حیات) نے 11 ستمبرکو معروف گلوکارہ واداکارہ رابی پیرزادہ کا چالان کیا تھا۔ ان پرالزام ہے کہ انہوں نے غیرقانونی طورپر اپنے گھر میں خطرناک سانپ، اژدھا اورمگرمچھ پال رکھے ہیں۔ وائلڈلائف ڈیپارٹمنٹ نے اداکارہ کی سوشل میڈیا پرسانپوں، اژدھے اورمگرمچھ کے ساتھ تصاویر اورویڈیوز سامنے آنے کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی تھی۔

وائلڈ لائف ایکٹ 1974 ترمیم شدہ 2007 کے تحت تحفظ شدہ حشرات کو غیرقانونی طور پر اپنے گھرمیں رکھنے پراداکارہ کا چالان کیا گیا تھا، جس کے بعد ماڈل ٹاؤن کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ حارث صدیقی نے اداکارہ کو 27 ستمبرکو طلب کرلیا ہے۔

وائلڈلائف کی طرف سے چالان کئے جانے پراداکارہ نے اس کارروائی کو بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے خلاف بیانات کا نتیجہ قراردینے کا بھی الزام لگایا تھا اورمحکمہ وائلڈلائف کو مودی کا یار کہا تھا۔ اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ وہ 5 سال سے ان سانپوں، اژدھے اورمگرمچھ سے کھیل رہی ہیں تاہم وہ ان کی مالک نہیں ہیں یہ انہوں نے کسی کوخرید کردیئے تھے۔

محکمہ وائلڈلائف کا موقف ہے کہ اداکارہ عدالت میں بتائیں کہ وہ سانپ ، اژدھا اورمگرمچھ کس کے ہیں۔ اژدھا اور مگرمچھ تحفظ شدہ جانور ہیں جن کو گھرمیں رکھنے کی اجازت نہیں۔ اداکارہ پرالزام ثابت ہونے پر 2 سے 3 سال تک قید، 20 ہزار روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں۔

دوسری طرف محکمہ وائلڈلائف ابھی تک اداکارہ کے قبضے سے سانپ ، مگرمچھ اوراژدھا برآمد نہیں کرسکا ہے، وائلڈلائف حکام نے 2 مقامات پرچھاپہ مارا مگر وہاں سے کچھ بھی برآمد نہیں ہوسکا ہے۔ وائلڈ لائف حکام کا کہنا ہے اداکارہ کو عدالت میں یہ بھی بتانا ہوگا کہ یہ جانور اس نے کہاں غائب کئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں