چیک نہیں آیا ملتان سلطانز کا کیا کریں بورڈ کا دیگر فرنچائزز کو خط

مقررہ وقت تک عدم ادائیگی پر اگلے2سال 12ماہ قبل بینک گارنٹی دینے پراتفاق ہوچکا


Saleem Khaliq October 18, 2019
اونرکے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے تاخیر ہوئی،25 اکتوبرتک جمع کرا دینگے،ملتان فوٹو: فائل

پی سی بی نے عدم ادائیگی پرملتان سلطانز کیخلاف ایکشن لینے کیلیے دیگر ٹیموں سے رائے طلب کر لی۔

پی ایس ایل فرنچائززکو قوانین کے تحت ہر ایڈیشن سے 6ماہ قبل مکمل فیس کے مساوی رقم کی بینک گارنٹی جمع کرانا ہوتی تھی،ٹیم مالکان کے مطالبے پر گذشتہ دنوں پی سی بی نے انھیں اختیار دیا کہ بعد کی تاریخوں کے چیک بھی دے سکتے ہیں۔

ادائیگی کیلیے 10 اکتوبر تک کا وقت دیا گیا تھا،اس دوران 5 فرنچائزز نے اپنی مالی ذمہ داریاں پوری کر دیں،اسلام آباد یونائٹیڈ نے بینک گارنٹی جمع کرا دی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، لاہور قلندرز،کراچی کنگزاور پشاور زلمی نے چیک بھیج دیے، البتہ ملتان سلطانز کی جانب سے تاحال کوئی چیک نہیں ارسال کیا گیا،اس معاملے میں تازہ پیش رفت تب ہوئی جب بورڈ کی جانب سے دیگر پانچوں فرنچائزز کو ایک ای میل ارسال ہوئی۔

اس میں لکھا ہے کہ چونکہ ملتان سلطانز نے مقررہ تاریخ تک چیک نہیں دیا تو مشورہ دیں اس کیخلاف کیا ایکشن لیا جائے، دلچسپ بات یہ ہے کہ گذشتہ گورننگ کونسل میٹنگ میں یہ طے ہو گیا تھا کہ اگر کسی ٹیم نے اب تاخیر کی تو اسے اگلے 2سال تک ایونٹ سے 12ماہ قبل بینک گارنٹی جمع کرانی ہو گی،اس کے باوجود بورڈ نے خود فیصلے کے بجائے مشاورت کو ترجیح دی۔

اس حوالے سے رابطے پر ملتان سلطانز کے جنرل منیجر حیدر اظہر نے کہا کہ گذشتہ ماہ میٹنگ سے قبل ہی ٹیم اونر عالمگیر خان ترین ملک سے باہر چلے گئے تھے، اسی لیے میرے ساتھ تیمور ملک شریک ہوئے، ہم نے بورڈ کو ای میل میں بتا دیا تھا کہ عالمگیر خان کی واپسی پر 25 اکتوبر تک چیک جمع کرا دینگے، ہم پی ایس ایل معاہدے کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے اپنی مالی ذمہ داریاں پوری کرینگے۔

دوسری جانب پی سی بی ترجمان نے معاملے پر تبصرے سے معذرت کر لی۔ واضح رہے کہ پی سی بی فرنچائزز کے چیک 11 نومبرکو استعمال کر لے گا جس دن فیس واجب الادا ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں