ڈیل اسٹین معین علی اور ہاشم آملہ سمیت 28 غیرملکی پی ایس ایل 5 میں شامل

پی ایس ایل میں شمولیت کیلیے بہت پرجوش ہوں، معین علی


/Sports Reporter November 13, 2019
پی ایس ایل کا حصہ بننا ان کے کیرئیر میں خاص اہمیت رکھتا ہے، کیرون پولارڈ

پی ایس ایل 5 میں انٹرنیشنل اسٹارز کی کہکشاں جگمگانے کو تیار ہے، دنیا بھر سے کئی نامور کرکٹرز شرکت کریں گے، مکمل فہرست 21 نومبر کو رجسٹریشن ونڈو بند ہونے کے بعد جاری کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کی پہلی بار پی ایس ایل 5 میں شمولیت کے امکانات روشن ہوگئے ہیں، پی سی بی کی جانب سے جنوبی افریقی پیسر سمیت 28 غیرملکی کرکٹرز کا اعلان کردیا گیا ہے، غیرملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کےلیے ونڈو21 نومبر کو بند ہونے کے بعد مکمل فہرست جاری کردی جائے گی۔

آئندہ ایڈیشن میں کراچی کنگز کی جانب سے بابراعظم کو برقرار رکھنے کے امکانات موجود ہیں، ڈیل اسٹین دیگر 5 میں سے کسی ایک فرنچائز میں شامل ہوں گے، ہاشم آملا، معین علی، جیسن رائے اور عادل رشید نے بھی رجسٹریشن کرلی ہے، 8 ممالک سے تعلق رکھنے والے 28 کھلاڑیوں میں سے 7 انگلینڈ، 6 جنوبی افریقہ، 5ویسٹ انڈیز، 3،3 آسٹریلیا اور افغانستان ، 2 سری لنکا اور ایک ایک نیوزی لینڈ، نیپال سے ہے۔



ابھی تک پلاٹینم کٹیگری میں دستیابی ظاہر کرنے والے غیرملکی کرکٹرز میں افغانستان کے محمد نبی، مجیب الرحمٰن اور راشد خان، آسٹریلوی ڈین کرسٹن، بین کٹنگ اور کرس لین، انگلینڈ کے معین علی، ہیری گرنی، ایلکس ہیلز، کرس جارڈن، لیام پلنکٹ، عادل رشید اور جیسن رائے، نیپالی سندیپ لامی چانے، نیوزی لینڈ کے کولن منرو، جنوبی افریقی کے ہاشم آملا، جے پال ڈومینی، کولن انگرام، ریلے روسو، ڈیل اسٹین اور عمران طاہر، سری لنکن کے اینجلو میتھیوز اور تھسارا پریرا، ویسٹ انڈین کے کارلوس بریتھ ویٹ، ڈیوائن براوو، ایون لوئس، سنیل نارائن اور کیرون پولارڈ شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کیلیے ہر فرنچائز کے 16 رکنی اسکواڈ میں 11 مقامی اور 5 غیرملکی کھلاڑیوں کی شمولیت لازمی ہوگی تاہم 18 رکنی اسکواڈ میں کھلاڑیوں کی ترتیب 2 آرڈر میں کی جاسکتی ہے، یا تو 12 مقامی اور 6 غیرملکی کھلاڑی ہوں گے یا پھر 13 مقامی اور 5 غیرملکی کھلاڑی شامل ہوں گے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کئے جانے والے پیغام میں ڈیل اسٹین نے کہا ہے کہ پاکستانی مداحوں کے لیے کرکٹ ہی سب کچھ ہے، ڈرافٹ پول کے ذریعے اس کا حصہ بننے جارہا ہوں، معین علی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں شمولیت کیلیے بہت پرجوش ہوں۔ جیسن رائے نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں سنسنی خیز اور منفرد لمحات فراہم کرتا ہے اور یہ لیگ بھی اسی کے ایک مثال ہے، پاکستان میں کھیل کے پرجوش مداح موجود ہیں اور ان کی موجودگی میں کرکٹ کھیلنا ان کے لیے کسی دلفریب لمحے سے کم نہیں۔

ایلکس ہیلز نے کہا کہ انہیں پی ایس ایل کے سلسلے میں کراچی میں کھیلے گئے میچز اب بھی یاد ہیں اور وہ اس تجربہ کو کبھی بھلا نہیں سکتے، کیرون پولارڈ کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال شائقین کرکٹ سے کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم میں کھیلنے کے بعد انہیں اندازہ ہوا کہ کرکٹ پاکستانی عوام کے لیے کیا معنی رکھتی ہے، پی ایس ایل کا حصہ بننا ان کے کیرئیر میں خاص اہمیت رکھتا ہے اور وہ 2019 میں بھی اس میں شرکت کے خواہشمند ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں