ایمرجنگ ایشیا کپ پاکستان نے فتح سے کھاتہ کھول دیا

138 رنز پرڈھیر ہونے والی افغان ٹیم کو 8 وکٹ سے شکست، محسن کے 4 شکار


Sports Reporter November 15, 2019
138 رنز پرڈھیر ہونے والی افغان ٹیم کو 8 وکٹ سے شکست، محسن کے 4 شکار۔ فوٹو: فائل

اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں پاکستان نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے افغانستان کو 8 وکٹ سے شکست دے دی، ناکام ٹیم صرف 138رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

بنگلادیش کے کاکس بازار میں جاری اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں کھیلے جانے والے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی نپی تلی بولنگ کے باعث افغانستان کی آدھی ٹیم 74 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی، تاہم چھٹی وکٹ کیلیے کپتان منیر احمد اور وحید اللہ نے 46 رنز جوڑے، منیراحمد 41رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، اس طرح پوری افغان ٹیم 42.2اوورز میں 138رنز پر ڈھیر ہوگئی، محمد محسن نے 30 رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، خوشدل شاہ اور عماد بٹ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں قومی ایمرجنگ ٹیم کی جانب سے عمیر بن یوسف اور حیدر علی پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے 50 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا، عمیر 38 رنزبناکر آؤٹ ہوئے، حیدر علی نے 16 رنز بنائے، تیسری وکٹ کیلیے روحیل نذیر اور سعود شکیل کے درمیان 70 رنز کی ناقابل شکست شراکت نے گرین شرٹس کو آسان فتح دلادی، روحیل نذیر نے 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 ر نز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، کپتان سعود شکیل 31 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

قومی ایمرجنگ ٹیم نے ہدف 35.3 اوورز میں حاصل کرلیا، گرین شرٹس ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ سری لنکا کیخلاف 16نومبر کو کھیلیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں