پاکستان پرامن ملک ہے یہاں کے لوگ محبت کرنے والے ہیں جعفر جیکسن

پاکستان کے بارے میں مغربی میڈیا میں پیش کردہ منفی تاثرات کو غلط پایا ہے،طلبا سے خطاب


Khusosi Report February 16, 2020
پاکستان کے بارے میں مغربی میڈیا میں پیش کردہ منفی تاثرات کو غلط پایا ہے،طلبا سے خطاب ۔ فوٹو: فائل

عالمی شہرت یافتہ گلوکار مائیکل جیکسن کے بھتیجے جعفر جیکسن نے کہا ہے کہ پاکستان ایک حسین ترین اور پرامن ملک ہے، پاکستان کے لوگ بہت زیادہ محبت و احترام کرنے والے مہمان نواز ہیں وہ پاکستان میں ملنے والا پیار کبھی بھی بھلا نہیں سکیں گے۔

جعفر جیکسن نے اسلام آباد کی نسٹ یونیورسٹی اور کوماسٹس یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اپنی مہمان نوازی اور لوگوں کے محبت بھرے انداز ملنساری سے متاثر ہو کر پاکستان کے بارے میں مغربی میڈیا میں پیش کردہ منفی تاثرات کو غلط پایا ہے، پاکستان اپنے مہمان کا گرم جوشی سے استقبال کرنے والے ملنسار اور بااخلاق لوگوں کا خوبصورت ملک ہے اور وہ پاکستان کے لوگوں کی مہمان نوازی دیکھ کر حیران رہ گئے ہیں کہ مغربی میڈیا پاکستان کے بارے میں کس قدر غلط انداز میں منفی تاثر پیدا کرتا ہے؟

جعفر جیکسن لاس اینجلس کیلیفورنیا میں پیدا ہونے والے مغربی دنیا کے ابھرتے ہوئے گلوکار ، نغمہ نگار اور مزاحیہ فنکار ہیں وہ عالمگیر شہرت کے حامل لیجینڈری گلوکار پاپ کنگ مائیکل جیکسن کے بھتیجے اور نغمہ نگار و پروڈیوسر جرمین جیکسن کے چھوٹے صاحبزادے ہیں، ان کے والد جرمین جیکسن نے 1989 میں بحرین کے دورے کے بعد اسلام قبول کرلیا تھا، پاکستان میں قیام کے دوران جعفر جیکسن لاہور کا دورہ بھی کریں گے۔

جعفر جیکسن لاہور کے تفریحی اور معلوماتی دورہ کے بعد کراچی جائیں گے جہاں وہ کراچی یونیورسٹی ، این ای ڈی یونیورسٹی آف انجیئنرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور انڈس ویلی اسکول آف آرٹس کا دورہ کر کے ان تعلیمی اداروں میں طلبا سے ملاقات اور خطاب بھی کریں گے ، وہ کراچی میں قائد اعظم کے مزار پر حاضری دینے کے بعد لیاری کا دورہ کریں گے اور گورنر ہاؤس کراچی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل سے بھی ملاقات کریں گے۔

جعفر جیکسن اپنے دورے کے اختتام پر کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کے دورہ کے بارے میں اپنے تاثرات بیان کریںگے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں