شہریوں کوسہولیات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعظم

ویب ڈیسک  منگل 18 فروری 2020
ہرتھانے میں کمپلینٹ منیجمنٹ سسٹم کے قیام کویقینی بنایا جائے، وزیراعظم: فوٹو: فائل

ہرتھانے میں کمپلینٹ منیجمنٹ سسٹم کے قیام کویقینی بنایا جائے، وزیراعظم: فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سرکاری اسپتالوں کی انتظامیہ کو فعال، افرادی قوت کی کمی دور اور ادویات کی فراہمی پر توجہ دی جائے۔

وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی دارالحکومت میں شہری سہولیات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیرداخلہ اعجازشاہ، وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر، علی نوازاعوان، خرم شہزاد، وفاقی سیکرٹری و سینیئر افسران شریک ہوئے۔

سیکرٹری صحت نے صحت کی سہولیات کی بہتری کے اقدامات پرتفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جون تک 4 کمیونٹی ہیلتھ سینٹرز اور 16 بنیادی مراکز صحت کو فعال کردیا جائے گا، جی 11 میں پولی کلینک 2 کی تعمیر اور پمز میں نئے ایمرجنسی وارڈ کا منصوبہ بنایا جارہا ہے، سرائے خربوزہ میں نئے اسپتال کے قیام کی بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

وزیرِاعظم نے صحت کی سہولیات کے حوالے سے شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو صحت کی سہولیات کے ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، سرکاری اسپتالوں کی انتظامیہ کو فعال، افرادی قوت کی کمی دور اور ادویات کی فراہمی پر توجہ دی جائے، اسکولوں میں اساتذہ کی کمی  پورا کرنے کو یقینی بنایا جائے اورتعلیم کوایمرجنسی سمجھتے ہوئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ تعلیم کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تمام مطلوبہ وسائل فراہم کیے جائیں گے، ماڈل اسکولوں کے علاوہ تعلیمی اداروں کا معیاربلند کرنے پرخصوصی توجہ دی جائے گی۔ وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد اورسوسائٹی مالکان کی نشاندہی کی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کنکریٹ کے بے ترتیب اوربے ہنگم پھیلاؤ سے ماحولیات پرگہرے اثرات مرتب ہورہے ہیں، ہرتھانے میں کمپلینٹ منیجمنٹ سسٹم کے قیام کویقینی بنایا جائے، اسلام آباد پولیس کی ضروریات اورمطلوبہ افرادی ومالی وسائل کا جائزہ لے کراقدامات کیے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔