کورونا وائرس؛ شرجیل میمن کا سرکاری ٹیسٹ مثبت اور نجی لیبارٹری سے منفی نکل آیا

اسٹاف رپورٹر  اتوار 7 جون 2020
کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے پر شرجیل میمن نے گھر میں تنہائی اختیار کرلی تھی (فوٹو: فائل)

کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے پر شرجیل میمن نے گھر میں تنہائی اختیار کرلی تھی (فوٹو: فائل)

 کراچی: سندھ میں سرکاری سطح پر کورونا ٹیسٹنگ کٹس پر ایک بار پھر سوالیہ نشان لگ گیا، رکن سندھ اسمبلی شرجیل میمن کی ایک ہفتے کے دوران تین کورونا ٹیسٹ رپورٹس کے نتائج مختلف نکل آئے۔

ایکسپریس کے مطابق شرجیل میمن نے 28 مئی کو کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا جو کہ منفی آیا جس کے بعد سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے گئے جہاں  انہوں نے دوسری مرتبہ ٹیسٹ کروایا جو مثبت نکل آیا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ ٹیسٹ سرکاری سطح پر کروایا گیا تھا جس کے بعد شرجیل میمن نے خود کو گھر میں آئیسولیٹ کرلیا۔

شرجیل میمن کورونا وائرس سے متعلق حیدرآباد میں سندھ حکومت کے فوکل پرسن کے طور پر کام کررہے تھے۔ شرجیل میمن دو روز قبل تک سندھ اسمبلی کے اجلاس میں بھی شریک رہے خود کورونا ٹیسٹ مثبت ہونے کی شرجیل میمن نے بھی تصدیق کی تاہم ایک روز قبل شرجیل میمن نے کراچی کے آغا خان ہسپتال سے کورونا ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ انہیں اتوار کی شام موصول ہوئی جو کہ منفی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شرجیل میمن کے صاحبزادے سمیت گھر کے دیگر 9 افراد کے ٹیسٹ نتائج بھی منفی آئے ہیں۔

ایک ہفتے کے دوران شرجیل میمن کے کورونا وائرس ٹیسٹ رپورٹ کے مختلف نتائج نے سرکاری سطح پر ہونے والے ٹیسٹ کی ساکھ پر سوالیہ نشان لگادیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔