سندھ میں آج سے کاروباری و صنعتی سرگرمیاں مکمل طور پر بحال

اسٹاف رپورٹر  اتوار 9 اگست 2020
بازاررات دس بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی، ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ(فوٹو، فائل)

بازاررات دس بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی، ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ(فوٹو، فائل)

 کراچی: سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں میں نمایاں کمی کے بعد  سندھ حکومت نے خوشخبری کا اعلان کر دیا  ہے اور صوبے میں 5 ماہ بعد لاک ڈاؤن کی پابندیاں نرم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق سندھ میں 10 اگست سے کاروباری ، تجارتی اور صنعتی سرگرمیاں بحال کر دی جائیں گی۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے بعد کاروباری ، تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی تھی ، سندھ حکومت نے 14 مارچ کو کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پابندیاں عائد کی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 10 اگست سے تمام کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں کی جاسکیں گی ۔کاروباری اوقات کار بھی بڑھائے جائیں گے۔ ہوٹلز ریسٹورینٹس رات 10 بجے تک کھلے رکھے جاسکیں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ  ہوٹلز ریسٹورینٹس ، فوڈ کورٹس ٹیبل سروس بھی کرسکیں گے۔ کاروباری پابندیوں کے خاتمے کے ساتھ ایس اوپیز کا نفاذ ہوگا۔ شادی ہالز و تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلہ آئندہ ماہ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے بعد نئے حکم نامے کا اطلاق ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔