پاکستان سپر لیگ 6 کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

زبیر نذیر خان  جمعرات 11 فروری 2021
ٹیموں کا قرنطینہ،غیرملکی کرکٹرز کی آمد کا سلسلہ آج شروع ہوجائے گا۔ فوٹو: فائل

ٹیموں کا قرنطینہ،غیرملکی کرکٹرز کی آمد کا سلسلہ آج شروع ہوجائے گا۔ فوٹو: فائل

کراچی  : پاکستان سپر لیگ 6 کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہورہا ہے جس کی تیاریاں اب عروج پر پہنچ چکی ہیں،اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم گذشتہ شب سلیف آئسولیشن میں چلی گئی، دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کے بھی آفیشلز کی طرف سے از خود قرنطینہ کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں اور آفیشلز کو پہلا ٹیسٹ خود کرانا ہوگا، ہوٹل میں دوسرے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پرکرکٹرز و آفیشلز کے لیے 3 دن کا قرنطینہ لازمی ہے، جس کے بعد وہ بائیو سیکور ببل میں داخل ہوجائیں گے، ایونٹ کے لیے ٹیموں کی پریکٹس کا سلسلہ پیر سے شروع ہورہا ہے، نیشنل اسٹیڈیم، اس سے ملحقہ حنیف محمد ریجنل ہائی پر فارمنس سینٹر اورمعین خان کرکٹ اکیڈمی میں پریکٹس کا اہتمام کیا جائے گا۔

پی ایس ایل میں غیر ملکی کرکٹرز اور آفیشلز کی آمد کا آغازجمعرات کو ہوگا،دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کے وکٹ کیپر بیٹسمین چیڈوک والٹن سب سے پہلے کراچی پہنچیں گے، جمعے کو  ملتان سلطانز کے اینڈی فلاور سمیت کوچنگ اسٹاف کے ارکان بھی آ رہے ہیں، ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی کی ہفتے کو آمد متوقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔