مظفر گڑھ سے قیدیوں کو لانے والی بس کو حادثہ، 2 پولیس اہلکار جاں بحق

ویب ڈیسک  بدھ 14 اپريل 2021
شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبلز سبحان اور قیصر کا تعلق مظفر گڑھ سے ہے، ڈی پی او لیہ۔ فوٹو: فائل

شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبلز سبحان اور قیصر کا تعلق مظفر گڑھ سے ہے، ڈی پی او لیہ۔ فوٹو: فائل

لیہ: چوک اعظم میں مظفر گڑھ سے قیدیوں کو لانے والی بس کو حادثہ پیش آیا جس کے  باعث 2 پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق پنجاب کے ضلع لیہ چوک اعظم لیہ روڈ بائی پاس پر مظفر گڑھ سے قیدیوں کو لانے والی بس حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے باعث 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور  قیدیوں سمیت 28 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈی پی او مظفر گڑھ حسن اقبال اور ڈی پی او لیہ سید ندیم عباس کے مطابق پریزنر وین قیدیوں کو مظفر گڑھ سے لیہ لے کر آ رہی تھی، حادثہ ڈرائیور سے موڑ کاٹتے ہوئے گاڑی کنٹرول نہ ہونے کی وجہ سے پیش آیا،جس میں 5 پولیس اہلکار اور 23 قیدی زخمی ہوگئے، جب کہ مظفرگڑھ سے تعلق رکھنے والے پولیس کانسٹیبلز سبحان اور قیصر موقع پر ہی شہید ہوگئے۔

زخمیوں کو تحصیل اسپتال چوک اعظم اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ 3 پولیس اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہونے پر ملتان نشتر ریفر کیا گیا ہے، جب کہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دے کر تمام قیدیوں کو ڈسٹرکٹ جیل لیہ منتقل کر دیا گیا ہے، اور صرف 5 زخمی زیر علاج ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔