پشاور ایئرپورٹ پر 10 کروڑ روپے کا سونا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

ویب ڈیسک  منگل 18 جنوری 2022
دو افغان نیشنل مسافر سونا بیگوں میں لے جا رہے تھے، ترجمان - فوٹو:ایکسپریس نیوز

دو افغان نیشنل مسافر سونا بیگوں میں لے جا رہے تھے، ترجمان - فوٹو:ایکسپریس نیوز

 پشاور: ایئرپورٹ سکیورٹی فورس نے پشاور ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 10 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

ترجمان کے مطابق اے ایس ایف کے عملے نے پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران دبئی جانے والے مسافروں سے 9.9 کلو گرام سونا برآمد کرلیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ افغان نیشنل خاتون مسافر مسمات سہیلہ الکوزے اور حواد خالدی سونا 2 بیگوں میں لے جا رہے تھے تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان  کو مشکوک قرار دیتے ہوئے تلاشی کے دوران مذکورہ سونا برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

ترجمان کے مطابق سونے کی مالیت لگ بھگ 10 کروڑ 76 لاکھ پاکستانی روپے بنتی ہے، ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد مذکورہ سونے سمیت مزید کارروائی کے لیے کسٹمز حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔