پاکستان، آسیان کی تجارت 11 ارب ڈالر، گوادر گیٹ وے بنے گا

آئی این پی  منگل 13 ستمبر 2022
ملٹی نیشنل کارپوریشن اگلے 3 سال میں 20 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ فوٹو: فائل

ملٹی نیشنل کارپوریشن اگلے 3 سال میں 20 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان اور آسیان ممالک کے درمیان تجارت 11 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔

آسیان اور پاکستان کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کے لیے مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی کا آغاز ، مشرقی ایشیا پاکستان کا بنیادی تجارتی شراکت داربن گیا، آسیان 2050 تک دنیا کی چوتھی بڑی معیشت بن جائے گی،رکن ممالک کی مجموعی جی ڈی پی 3 ٹریلین ڈالر، گوادر آسیان کیلیے گیٹ وے بنے گا۔

ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق سی پیک نے پاکستان کو آسیان کے ارکان سمیت مختلف ممالک سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔

آسیان کمیٹی اسلام آباد کے چیئرمین Nguyen Tien Phong کے مطابق گذشتہ مالی سال کے دوران پاکستان اور آسیان ممالک کے درمیان تجارت 11 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔

آسیان ایک 10 رکنی متحرک تنظیم بن گئی ہے جس کے اراکین میں برونائی، کمبوڈیا، انڈونیشیا، لاؤس، ملائیشیا، میانمار، فلپائن، سنگاپور، تھائی لینڈ اور ویتنام شامل ہیں، جن کی مجموعی جی ڈی پی 3 ٹریلین ڈالرسے زیادہ ہے۔ آسیان اب دنیا کی پانچویں بڑی معیشت ہے جو2050 تک چوتھی بڑی معیشت بن جائے گی۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے مختلف فورمز پر کہا ہے کہ پاکستان کو اپنی معیشت کو تبدیل کرنے اور فی کس آمدنی اور جی ڈی پی بڑھانے کے لیے ملائیشیا کے ماڈل پر عمل کرنا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔