آئی ایل ٹی لیگ؛ اگلے ایڈیشن میں پاکستانی اسٹارز بھی جلوہ گر ہوں گے

سلیم خالق  اتوار 15 جنوری 2023
این او سی جاری نہ کیے جانے پر یو اے ای بورڈ ناراض تھا (فوٹو: ٹوئٹر)

این او سی جاری نہ کیے جانے پر یو اے ای بورڈ ناراض تھا (فوٹو: ٹوئٹر)

 دبئی: انٹرنیشنل ٹی20 (آئی ایل ٹی) لیگ کے اگلے ایڈیشن میں پاکستانی اسٹارز بھی جلوہ گر ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی منجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) بورڈ کے وائس چیئرمین خالد زرونی کو یقین دہانی کرادی۔

رواں سال پی سی بی کی جانب سے این او سی جاری نہ کیے جانے پر یو اے ای بورڈ ناراض تھا۔

ذرائع کے مطابق رمیز راجہ کی سربراہی میں کام کرنے والے پی سی بی حکام نے پلیئرز ریلیز کرنے کیلیے 3 ملین ڈالرز مانگے تھے، دریں اثناء نجم سیٹھی اور خالد زرونی کی ملاقات میں دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت ہوئی، دونوں ملکوں میں باہمی تعاون کی فضا فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔

مزید پڑھیں: غیر ملکی کوچ کا تقرر، وقت کم، آپشنز محدود، بورڈ پریشان

پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ کی دبئی میں ایشین کرکٹ کونسل ( اے سی سی) حکام سے بھی ملاقات ہوئی جس میں انھوں نے ایشیاکپ کے معاملہ پر جلد میٹنگ بلانے کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کا اہم اجلاس اگلے ماہ ہونے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔