گپٹل کوئٹہ کی جیت میں کردار نبھانے کیلیے پُر عزم

سرفراز کی زیرقیادت کھیلنے کیلیے پُرجوش ہوں، بابر نے کلاس دکھا دی، کیوی بیٹر


Saleem Khaliq February 15, 2023
سرفراز کی زیرقیادت کھیلنے کیلیے پُرجوش ہوں، بابر نے کلاس دکھا دی، کیوی بیٹر۔ فوٹو: پی ایس ایل

کیوی بلے باز مارٹن گپٹل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی فتوحات میں اہم کردار اداکرنے کیلیے پُر عزم ہیں۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو خصوصی انٹرویو میں کیوی بلے باز مارٹن گپٹل نے کہا کہ میں پی ایس ایل 8کا حصہ بننے اور پاکستان میں پہلی بار کھیلنے کا موقع ملنے پر بہت خوش ہوں، ملک میں کرکٹ کا معیار بہت بلند ہے، اس سے قبل یواے ای میں پاکستانی لیگ میں شریک ہوا تو ابوظبی میں موسم سخت گرم تھا،کراچی کنگز کا اسکواڈ باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل تھا،ان سے دوستی کا رشتہ بھی استوار ہوا،اب پاکستان آکر بھی بڑی خوشی محسوس کررہا ہوں۔

کیوی بیٹر نے کہا کہ اس بار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا بھی اچھا اسکواڈ منتخب ہوا ہے، باصلاحیت کرکٹرز کے ساتھ اچھی ٹریننگ کا موقع ملا، مقامی پچز سے مطابقت لانے میں مدد ملی،میں چھکے چھڑانے کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا، کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے پلاننگ کرنا ہوگی، چھکے یا چوکے کچھ بھی ہوسکتے ہیں،مقصد رنز بنانا اور ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنا ہے۔

سرفراز احمد کی طرف سے سوشل میڈیا پر ''بھائی'' کہہ کر استقبال کیے جانے کے سوال پر مارٹن گپٹل نے کہا کہ وکٹ کیپر بیٹر گذشتہ چند سال میں ایک اچھے پاکستانی کرکٹر اور کپتان کے طور پر پرفارم کرتے رہے،میں ان کی قیادت میں کھیلنے کیلیے پُرجوش ہوں،کپتان اور کھلاڑیوں کے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گلیڈی ایٹرز عروج کے سفر پر گامزن ہوسکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ بابر اعظم ایک اچھے بیٹر ہیں،انھوں نے گذشتہ چند سال میں اپنی کلاس دکھائی،کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنا اہم ہے اور پاکستان ٹیم کے کپتان اس میں کامیاب رہے ہیں، اگر کبھی کم اسکور پر آؤٹ ہو بھی جائیں تو وہ جلد ہی کم بیک کا راستہ تلاش کرتے ہوئے بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں،خوش قسمتی سے مجھے ماضی میں ان کے ساتھ کراچی کنگز کی طرف سے کھیلنے کا موقع ملا ہے۔

عامر سے کہتا تھا پسلیوں کو نشانہ نہ بنانا،شاہین بھی ورلڈکلاس بولر ہیں

فیورٹ پاکستانی بولر کے سوال پر مارٹن گپٹل نے کہا کہ میں کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر کے ساتھ کھیلتا رہاہوں، ان کو کہتا تھا کہ میری پسلیوں کو نشانہ نہ بنانا،امید ہے کہ اس بار بھی میچ میں سامنا ہونے پر پیسر ایسا نہیں کریں گے،انھوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی بھی ایک ورلڈ کلاس بولر ہیں، وہ پی ایس ایل میں بھی اچھی فارم میں نظر آئیں گے۔

ابھی تک کسی پاکستانی کھانے کا لطف نہیں اٹھایا

مارٹن گپٹل نے کہا کہ ابھی تک میں نے کسی پاکستانی کھانے کا لطف نہیں اٹھایا، ہوٹل کے مینیو میں زیادہ ترکھانے مرچوں والے نظر آتے ہیں، تاحال کسی تجربے سے گریز کیا ہے، کراچی کے بعد 3مختلف شہروں میں بھی جانا ہے، دیکھنا ہوگا کہ وہاں کھانے کیلیے کیا آپشنز دستیاب ہوتے ہیں، ہوسکتا ہے کہ وہاں کچھ مختلف چکھنے کی کوشش کروں۔ اگر موقع ملا تو پاکستان میں گھومنے کیلیے بھی جائیں گے۔

ایک بار پھر نیوزی لینڈ کی نمائندگی کیلیے بے تاب ہوں

مارٹن گپٹل نے کہا کہ نیوزی لینڈ کیلیے کھیلنا ہمیشہ اعزاز کی بات ہوتی ہے،میں بچپن سے ہی قومی ٹیم کی نمائندگی کا خواب دیکھتا تھا،گذشتہ 14سال میں جب اور جہاں ملک کیلیے موقع ملا پرفارم کرنے اور ذمہ داری کا بوجھ اٹھانے کیلیے کوشاں رہا،ایک بار پھر نیوزی لینڈ کی نمائندگی کے لیے بے تاب ہوں، ملک کیلیے کھیلنے سے بڑا کوئی اعزاز نہیں ہوتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں