کراچی میں گرمی کی لہر آئندہ چند روز برقرار رہے گی محکمہ موسمیات
اتوار کو سب سے زیادہ درجہ حرارت موہنجودڑو میں 43.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں اگلے چند روز تک گرمی کی لہر برقرار رہ سکتی ہے۔
محمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو کراچی گرمی کی لپیٹ میں رہا اور زیادہ سے زیادہ پارہ 35 ڈگری ریکارڈ ہوا، دوپہر کے وقت سمندرکی جنوب مغربی ہواؤں کی بندش اور بلوچستان کی مغربی ہوائیں چلنے سے شدید حبس رہا، ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد سے تجاوز کرنے کے باعث گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زائد محسوس کی گئی۔
ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق اگلے چندروز تک کراچی میں گرم ومرطوب موسم ریکارڈ ہوسکتا جس کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے38 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
اتوار کو دیہی سندھ کے اضلاع بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے، سب سے زیادہ درجہ حرارت موہنجودڑو کا 43.5 ڈگری ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسیات کا کہنا ہے کہ اگلے چند روز تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہ سکتا ہے، وسطی اور بالائی سندھ کے اضلاع میں پیر سے پارہ 44 ڈگری تک تجاوز کرنے کا امکان ہے۔ دیہی سندھ کے اضلاع میں گرمی کی غیرمعمولی لہر(ہیٹ ویو) اگلے کئی روز تک شدید گرمی کا سبب بن سکتی ہے۔