انٹریٹ سروس کی بندش سے ٹیلی کام سیکٹر کو 82کروڑ روپے مالیت کا نقصان
موبائل انٹرنیٹ کے تعطل سے حکومتی محصولات میں بھی 28کروڑ روپے کی کمی واقع ہوئی
ملک میں موبائل انٹرنیٹ سروس کی گذشتہ شب سے بدستور بندش کے باعث ٹیلی کام کمپنیوں اور حکومتی محصولات کو بھاری مالیاتی خسارے کا سامنا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ منگل سے انٹریٹ سروس کی بندش سے ٹیلی کام سیکٹر کو 82کروڑ روپے مالیت کا نقصان ہوا ہے جبکہ موبائل انٹرنیٹ کے تعطل سے حکومتی محصولات میں بھی 28کروڑ روپے کی کمی واقع ہوئی۔
موبائل انٹرنیٹ پر منحصر ایپس بند ہونے سے ان سے منسلک افراد کی دیہاڑی شدید متاثر ہوئی۔ انٹرنیٹ سروس کی بندش سے ڈیجیٹل ادائیگیاں اور کریڈٹ کارڈز بھی متاثر ہوئیں جس سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ٹیلی کام انڈسٹری کے ذرائع کا کہنا ہے کہ موبائل فون انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 12.50کروڑ ہے اور منگل کی شب سے موبائل انٹرنیٹ سروس بدستور بند ہونے سے موبائل کمپنیوں کو بھاری مالی نقصانات کا سامنا ہے۔ موبائل انٹرنیٹ بند ہونے سے حکومت ٹیکس ریونیو بھی کم موصول ہوئے ہیں۔