روس خام تیل کی پہلی کھیپ مکمل طور پر پاکستان ریفائنری کو منتقل
45 ہزار 142 میٹرک خام تیل کی ترسیل پی آر ایل کو کر دی گئی ہے، کے پی ٹی
روس سے درآمد کی جانے والی خام تیل کی پہلی کھیپ مکمل طور پر پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کو منتقل کردی گئی۔
خام تیل لانے والا بحری جہاز 11 جون کو کراچی بندرگاہ پہنچا جس سے خام تیل کی بندرگاہ پر واقع ریفائنری کے اسٹوریج ٹینکس میں منتقلی 12 جون کو شروع کی گئی۔
خام تیل کی منتقلی 40 گھنٹوں میں مکمل کی جانی تھی تاہم ریفائنری کی روسی خام تیل کو پہلے سے موجود سعودی اور مڈل ایسٹ کے خام تیل سے علیحدہ اسٹور کرنے کی حکمت عملی کی وجہ سے منتقلی سست روی کا شکار رہی۔
کے پی ٹی کے مطابق روسی خام تیل کی پی آر ایل ٹینک میں منتقلی کا عمل بدھ کی شب 8 بج کر 24 منٹ پر مکمل کیا گیا، 45 ہزار 142 میٹرک خام تیل کی ترسیل پی آر ایل کو کر دی گئی ہے، موسم سازگار ہوتے ہیں خام تیل لانے والا بحری جہاز کراچی کی بندرگاہ سے روانہ ہوجائے گا۔