ریلوے پولیس نے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی، تین ملزمان گرفتار

خبر نگار  جمعـء 23 جون 2023
ملزمان کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر سوار ہونے کے لیے آئے تھے(فوٹو: فائل )

ملزمان کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر سوار ہونے کے لیے آئے تھے(فوٹو: فائل )

کوئٹہ: ریلویز پولیس کوئٹہ ڈویژن نے بذریعہ ٹرین منشیات کی اسمگلنگ ناکام بناکر تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ریلوے اسٹیشن کوئٹہ کے داخلی گیـٹ  پر  پولیس اہلکاروں نے  شاہجہاں، عزیزاللہ اور رومل  کے سامان کی تلاشی لی تو سوٹ کیس اور شاپر کے اندر سے چرس کے 7 پیکٹ برآمد ہوئے۔

پولیس کے مطابق منشیات کے پیکٹ  کپڑوں  کے نیچے چھپائے گئے تھے جن کی برآمدگی پر تینوں ملزمان کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا۔ برآمد کی گئی منشیات کا مجموعی وزن 7 کلو70 گرام ہے۔

ملزمان کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر سوار ہونے کے لیے آئے تھے۔ ملزمان میں سے 2 کا تعلق کوئٹہ جبکہ تیسرے کا افغانستان سے ہے۔

تینوں ملزمان کے خلاف تھانہ ریلویز پولیس کوئٹہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہےا ور مزید تفتیش  کی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔