کراچی میں ڈمپر اور کوسٹر میں خوفناک تصادم 4افراد جاں بحق

حادثے کے نتیجے میں کوسٹر مکمل تباہ ہوگئی جبکہ ڈمپر کو بھی جزوی نقصان پہنچا


Staff Reporter August 07, 2023
فوٹو:ایکسپریسس

گلشن معمار ناردرن بائی پاس روڈ پر ڈمپر اور کوسٹر میں خوفناک تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 16 سے زائد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں 5 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گلشن معمار تھانے کے علاقے ناردرن بائی پاس روڈ پر ایم ڈی کٹ کے قریب ڈمپر اور کوسٹرمیں خوفناک تصادم ہوا جس کے نتیجے میں کوسٹر میں سوار خاتون اور بچوں سمیت 20 سے زائد افراد شدید زخمی ہوگئے، حادثے کے نتیجے میں کوسٹر مکمل تباہ ہوگئی جبکہ ڈمپر کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ایدھی اور چھیپا ایمبولینسز کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ 2 شدید زخمی افراد اسپتال پہنچنے سے قبل اور 2 افراد اسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے۔

جاں بحق ہونے والے ایک شخص کی شناخت سلطان ولد اکبر کے نام سے ہوئی ہے جبکہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے دیگر تین افراد کی شناخت فوری ممکن نہیں ہوسکی، خوفناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں کوسٹر کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے 5 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جنہیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال سے اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کر دیا۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 4 سالہ بچہ ایتھل ولد انیس، 8 سالہ بچہ جانسن ولد انیس، 45 سالہ خاتون روزین، 30 سالہ سلمان ولد ڈیوڈ، 24 سالہ کاشف ولد غلام شاہ، 26 سالہ شہزاد ولد خائستہ خان، 45 سالہ شوکت ولد امین خان، 19 سالہ گل زیب ولد جہانزیب، 22سالہ عبدالرحمان، 45 سالہ حمزہ ولد احسان اللہ، 32 سالہ یاراللہ دتہ ولد اللہ دتہ، 40 سالہ احسن، 22 سالہ واجد، 20 سالہ سبحان ولد حفیظ، 18 سالہ صغیر ولد نذیراور دیگر شامل ہیں۔

حادثے کا شکار ہونے والی کوسٹر میں کلفٹن میں واقع نجی ریسٹورنٹ کے ملازم اور ان کے اہلخانہ موجود تھے جوکہ سالانہ پکنک پر کلفٹن سے گڈاپ ٹاؤن میں واقع فارم ہاؤس جا رہے تھے کہ ناردرن بائی پاس روڈ ایم ڈی کٹ اور عباس کٹ کے درمیان حادثے کا شکار ہوگئے۔

زخمی ہونے والے 2 نوجوانوں نے بتایا کہ وہ کلفٹن میں واقع شاپنگ مال سے آ رہے تھے اور کوسٹر میں 30 افراد سوار تھے، ناردرن بائی پاس پر کوسٹر اور ایک گاڑی ایک ساتھ اوورٹیک کر رہی تھی کہ سامنے آنے والے ڈمپر نے ہٹ کیا اور کوسٹر کوعقب سے کسی گاڑی نے ٹکر ماری۔

گلشن معمار پولیس کے مطابق حادثہ اوور اسپیڈ کے باعث پیش آیا ہے تاہم فوری طور پر یہ بتانا قبل ازوقت ہوگا کہ کوسٹر کی رفتار زیادہ تھی یا ڈمپر کی رفتار زیادہ تھی۔

پولیس کے مطابق حادثے میں کوسٹر اور ڈمپر کے ڈرائیور بھی جاں بحق ہوئے ہیں، ڈمپر کے ڈرائیور کی شناخت سلطان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ کوسٹر کے ڈرائیور کی شناخت تاحال ممکن نہیں ہوسکی ہے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں جس کے بعد ہی حادثے کی اصل وجہ سامنے آسکے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں