بھارتی کپتان کو پاکستان سے میچ کی فکر ستانے لگی

مقابلہ بڑا چیلنج ہوتا ہے، فتح کیلیے غیر معمولی کارکردگی دکھانا ہوگی، روہت شرما


Sports Reporter August 08, 2023
مقابلہ بڑا چیلنج ہوتا ہے، فتح کیلیے غیر معمولی کارکردگی دکھانا ہوگی، روہت شرما۔ فوٹو: آئی سی سی

بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کو پاکستان سے میچ کی فکر ستانے لگی۔

ایشیا کپ کا آغاز 30اگست کو ملتان میں میزبان گرین شرٹس اور نیپال کے مابین میچ سے ہوگا،پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 2 ستمبر کو کینڈی میں مقابل ہوں گی، اس ہائی وولٹیج مقابلے کے حوالے سے ابھی سے خاصا جوش وخروش پایا جاتا ہے،گذشتہ چند میگا ایونٹس میں گرین شرٹس نے روایتی حریف سے ہارنے کی روایت توڑی ہے۔

ایک انٹرویو میں بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے بھی پاکستان سے میچ کو سخت امتحان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ روایتی حریف سے مقابلہ ہمیشہ ہی ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے،گرین شرٹس کو مات دینے کیلیے ٹیم کو غیر معمولی کارکردگی دکھانا پڑے گی،ہماری کوشش ہوگی کہ بڑے میچ کا اضافی دباؤ نہ لیتے ہوئے اپنے گیم پلان کے مطابق صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہوئے کامیابی حاصل کریں۔

یہ بھی پڑھیں: قومی کرکٹ ٹیم کو ورلڈکپ کیلئے بھارت بھیجنے کا فیصلہ

انھوں نے کہا کہ سری لنکن کنڈیشنز میں ایشیا کپ میچز سے ٹیموں کو ورلڈکپ کی اچھی تیاری اور کمبی نیشن کو حتمی شکل دینے میں بھی مدد ملے گی،بھارتی ٹیم بھی اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی پلاننگ میں بہتری لانے کی کوشش کرے گی۔

یاد رہے کہ میگا ایونٹ کی تیاری کیلیے ہی اس بار ایشیا کپ کا فارمیٹ 50اوورز کا رکھا گیا ہے،ایونٹ میں شریک6ٹیموں کو 2گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ''اے'' میں پاکستان، بھارت اور نیپال جبکہ گروپ ''بی'' میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان شامل ہیں،اگر روایتی حریف ٹیموں نے فائنل میں بھی جگہ بنائی تو ایشیا کپ میں ان کا تین بار مقابلہ ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں