اگلے چند ماہ میں فائیو جی لائسنس نیلام کردیں گے نگراں وزیر آئی ٹی
ڈاکٹر عمر سیف سے سی ای او جاز عامر ابراہیم کی ملاقات، فائیو جی اسپیکٹرم آکشن، ٹائم لائن اور ٹیلی کام سروسز پر بات
نگراں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا ہے کہ اگلے چند ماہ میں فائیو جی آکشن کرنے جارہے ہیں ملک میں بہتر ٹیلی کام سروسز کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مطابق یہ بات انہوں نے جمعرات کو ملاقات کے لیے آئے سی ای او جاز عامر ابراہیم سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ملاقات میں فائیو جی اسپیکٹرم آکشن، ٹائم لائن اور ٹیلی کام سروسز کی فراہمی کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی عمر سیف کا کہنا تھا کہ فائیو جی آکشن اگلے چند ماہ میں کرنے جا رہے ہیں ملک میں بہتر ٹیلی کام سروسز کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صارفین کو محدود بینڈوتھ آفر کی وجہ سے اچھی سروس نہیں ملتی، فائیو جی سے صارفین کو بہتر اور معیاری ٹیلی کام سروسز میسر ہوں گی۔
وزارت آئی ٹی کے مطابق قبل ازیں ڈاکٹر عمر سیف سی ای او یو فون اور زونگ سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کر چکے ہیں۔ سیلولر کمپینوں کے سی ای اوز سے ملاقاتوں کا مقصد ٹیلی کام کمپنیوں کو فائیو جی آکشن کی تیاری کے بارے میں آگاہ کرنا اور مارکیٹ کو فائیو جی آکشن کے لیے تیار کرنا ہے۔