پاکستان ویٹرنز کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا
پاکستان نے کینیڈا کو 78 رنز سے ہراکر مسلسل 5 واں میچ جیت لیا
پاکستان نے گلوبل ویٹرنز کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
اوور40 انٹرنیشنل ایونٹ میں پاکستان نے کینیڈا کو 78 رنز سے زیر کرکے مسلسل 5 ویں فتح کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ نیشنل اسٹیڈیم پر پاکستان ویٹرنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 312 رنز اسکور کیے۔
کپتان مصباح الحق کی عدم موجودگی میں قیادت کرنے والے سابق ٹیسٹ آل راونڈرعبدالرزاق نے جارحانہ انداز میں 43 گیندوں پر 5 چوکوں اور6 چھکوں کی مدد سے 70 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی۔
رضوان اسلم نے 47،سابق ٹیسٹ کرکٹر حسن رضا نے 42،امجد علی نے 33 اور جنید نینی تال والا نے 31 رنز اسکور کیے، علی فاروق،اقبال کسملی اور سلطان ملک نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں کینیڈا کی ٹیم 234 رنز بناسکی، اتما رام پرسود نے ناقابل شکست 61 اورایازعلی کے 47 رنز رائیگاں گئے، حسن رضا نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ کراچی جیمخانہ گراونڈ پرامریکہ نے آسٹریلیا کو 77 رنزسے شکست دی۔
میچ کی خاص بات ناکام ٹیم کے اجے شرما کی 5 وکٹیں رہیں۔ این بی پی اسپورٹس کمپلیکس پر ویسٹ انڈیز نے نیپال کو 8 وکٹوں سے قابو کرلیا،نیپال کے رابن جوشی نے 97 رنز کی اننگ کھیلی۔