کراچی میں دو واقعات میں شہریوں کی فائرنگ سے تین ڈاکو ہلاک
ایک واقعہ نیوکراچی دوسرا کورنگی میں پیش آیا، اسٹریٹ کرائمز سے عاجز شہری خود ہی سڑکوں پر اپنی عدالت لگانے لگے
نیوکراچی میں شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جس کے دو ساتھی زخمی ہوگئے جب کہ چوتھا ڈاکو فرار ہوگیا، اسی طرح کورنگی میں شہریوں نے تعاقب کے بعد فائرنگ کرکے دو ڈاکوؤں کو ہلاک کردیا۔
ایکسپریس کے مطابق نیو کراچی میں منگل کی صبح نارتھ کراچی صنوبر کاٹیج اعظم بیکری کے قریب شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک اور دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، ہلاک و زخمی ڈاکوؤں کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت 20 سالہ یاسین کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں کی شناخت 27 سالہ کاشف ولد رمضان اور 28 سالہ علی رضا ولد مشتاق احمد کے نام سے کی گئی۔
پولیس کے مطابق دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ڈاکو اعظم بیکری صنوبر کاٹیج کے پاس بیٹھے نوجوانوں سے لوٹ مار کررہے تھے کہ اسی دوران ایک شہری فیضان نے اپنے لائسنس یافتہ پستول سے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی جس سے ایک ڈاکو موقع پر ہلاک دوسرا زخمی ہوگیا، ہلاک ڈاکو کی شناخت یاسین اور زخمی کی کاشف کے ناموں سے ہوئی جبکہ چوتھا ڈاکو فرار ہوگیا۔
تیسرا ڈاکو زخمی حالت میں اپنے چوتھے ساتھی کے ساتھ فرار ہوا، اطلاع ملنے پر پولیس پہنچ گئی تھی اور علاقے کا محاصرہ کرلیا اسی دوران زخمی حالت میں فرار ہونے والا ڈاکو پکڑا گیا تاہم جسے چوتھا ڈاکو چھوڑ کر بھاگ نکلا تھا۔
تیسرے زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت علی رضا کے نام سے ہوئی، ہلاک و زخمی ڈاکوؤں سے ملنے والا اسلحہ، زیر استعمال موٹر سائیکلیں اور دیگر مسروقہ سامان پولیس نے قبضے میں کرلیا۔
دوسرا واقعہ کورنگی میں پیش آیا جس میں زمان ٹاون کے علاقے کورنگی ڈھائی نمبر چینوٹ انسٹی ٹیوٹ کے قریب لوٹ مار کر کے فرار ہونے والے ڈاکوؤں پر پر شہری نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگئے، پولیس نے لاشیں جناح اسپتال منتقل کیں۔
ایس ایچ او زمان ٹاؤن ضمیر نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ موٹر سائیکل سوار مبینہ ڈاکوؤں نے ٹاؤن آفس کے قریب گلی میں شہریوں سے لوٹ مار کی اور فرار ہو رہے تھے کہ شہریوں نے ان کا تعاقب کیا اور اس دوران ان میں شامل کسی شہری نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کر دی نتیجے میں دونوں ڈاکو گولیاں لگنے سے زخمی ہو کر سڑک پر گر گئے جبکہ مشتعل افراد کی جانب سے انھیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
انھوں ںے بتایا کہ پولیس کو جائے وقوع سے ایک موٹر سائیکل ملی ہے۔ ایک سوال پر انھوں بتایا کہ ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ نہیں ملا جبکہ جائے وقوع پر عوام کا بہت رش تھا۔
ایس ایس پی کورنگی حسن سردار نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ڈاکوؤں کے قبضے سے 2 پستول اور موٹر سائیکل ملی ہے جبکہ فوری طور پر ڈاکوؤں پر فائرنگ کرنے والے شہری کا پتا نہیں چل سکا اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اسپتال میں ایک ڈاکو کی شناخت جمال کے نام سے کی گئی جبکہ دوسرے کی شناخت کے لیے پولیس کوششیں کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ ہفتے کی شب نارتھ ناظم آباد فاروق اعظم مسجد کے قریب بھی عوام نے لوٹ مار کے بعد فرار ہونے والے ایک ڈاکو کو تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا تھا جبکہ پولیس نے اس کے ساتھی گرفتار کرلیا تھا۔