کراچی میں شہریوں نے دو ڈکیت پکڑلیے، کھمبے سے باندھ کر پٹائی

اسٹاف رپورٹر  بدھ 27 ستمبر 2023
(فوٹو : ویڈیو اسکرین گریب)

(فوٹو : ویڈیو اسکرین گریب)

  کراچی: شاہ فیصل کالونی میں دو ڈکیت شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے، مشتعل شہریوں نے دونوں مبینہ ڈکیتوں کو کھمبے سے باندھ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔

ایکسپریس کے مطابق بدھ کی دوپہر شاہ فیصل کالونی تین نمبر فیصل غفور مسجد کے قریب میں دو ڈکیت شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے، مشتعل شہریوں نے دونوں مبینہ ڈکیتوں کو کھمبے سے باندھ کو تشدد کا نشانہ بنایا، کچھ شہری واقعےکی ویڈیو بھی بناتے رہے۔ بعدازاں پولیس کی آمد پر شہریوں نے ملزمان کو ان کے حوالے کردیا۔

عینی شاہدین کے مطابق ڈاکوؤں نے راہ گیر خاتون سے لوٹ مار کی کوشش کے دوران فائرنگ کی۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے خاتون معجزانہ طور پر بچ گئی، علاقہ مکینوں نے جمع ہو کر دونوں ڈاکوؤں کو پکڑلیا۔

شاہ فیصل کالونی پولیس کے مطابق پکڑے جانے والے ڈکیتوں کی شناخت فہد ولد رحیم زادہ اور محمد بلال ولد محمد یوسف کے نام سے کی گئی، گرفتار ڈکیت جامعہ ملیہ کے رہائشی ہیں اور ان کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم پستول بھی برآمد ہوئی ہے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔