کراچی، طالبات کے سامنے غیراخلاقی حرکات کرنے والا ملزم گرفتار

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 7 اکتوبر 2023
—فوٹو:ایکسپریس

—فوٹو:ایکسپریس

کراچی: جوہر آباد پولیس نے خواتین کی چلتی ہوئی وین کے قریب موٹر سائیکل چلاتے ہوئے غیر اخلاقی حرکت کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ 

واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس پر جوہر آباد تھانے میں ملزم کے خلاف سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے ایس ایچ او جوہر آباد سدھیر بھائیو نے بتایا کہ چند روز قبل ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا کہ فیڈرل بی ایریا مین راشد منہاس روڈ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کے قریب سائیکل پر سوار ایک نوجوان جو کہ ہلمنٹ بھی پہنے ہوئے تھا وہاں سے گزرنے والی خواتین کی وین کے قریب موٹر سائیکل چلاتے ہوئے غیر اخلاقی حرکت کرتے ہوئے دکھائی دیا۔

انہوں نے کہا کہ وین میں سوار کسی خاتون نے ملزم کی ان حرکات کو اپنے موبائل فون سے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی تھی بعدازاں جوہر آباد پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف رواں ماہ یکم اکتوبر کو مقدمہ نمبر 329 سال 2023 بجرم دفعات 294 ، 354 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا جس کے بعد پولیس نے اس غیر اخلاقی حرکت میں ملوث ملزم کی تلاش شروع کر دی۔

انہوں نے بتایا کہ کئی روز کی سخت جدوجہد کے بعد پولیس نے مذکورہ واقعہ میں ملوث ملزم عدیل ولد نذر کو فیڈرل بی ایریا بلاک 15 ریاض آٹوز کے قریب سے گرفتار کرلیا جس کی تلاشی کے دوران پینٹ کی جیب سے ہیروئن کی پڑیا بھی برآمد ہوئی ہے۔

ایس ایچ او نے بتایا گرفتار ملزم اس طرح کی حرکات کرنے کا عادی ہے جو کہ عدیل شاہ فیصل کالونی ریتہ پلاٹ کا رہائشی اور موٹر سائیکل مکنیک ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔