احمد آباد میں پاکستانی کرکٹرز کی نقل وحرکت محدود

انتظامیہ عوامی مقامات سے دور رکھنے کی خواہاں، ہوٹل میں تفریحی سرگرمیوں کا انتظام


Saleem Khaliq October 13, 2023
انتظامیہ عوامی مقامات سے دور رکھنے کی خواہاں، ہوٹل میں تفریحی سرگرمیوں کا انتظام۔ فوٹو: اے ایف پی

احمد آباد میں پاکستانی کرکٹرز کی نقل وحرکت محدود رہے گی۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم بدھ کے روز چارٹرڈ فلائٹ پر حیدرآباد سے احمد آباد پہنچی تھی، بھارت سے مقابلہ ہفتے کو ہونا ہے، گزشتہ روز کھلاڑیوں نے پریکٹس کی، یہ سلسلہ جمعے کو بھی جاری رہے گا، حیدرآباد کے برعکس احمد آباد میں گرین شرٹس کو زیادہ احتیاط برتنا ہوگی۔



ذرائع کے مطابق میزبان اعلیٰ حکام نے میٹنگ میں واضح کردیا کہ گوکہ پاکستانی ٹیم کو سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی خطرات نہیں ہیں لیکن پھر بھی احمد آباد میں زیادہ احتیاط برتنا ہوگی، ہم نہیں چاہتے کہ کسی عوامی مقام پر کھلاڑی جائیں اور کہیں سے کوئی منفی نعرے بازی وغیرہ ہو جائے، اس سے خوامخواہ کی بدمزگی ہوگی، البتہ پھر بھی اگر پلیئرز کہیں ڈنر وغیرہ کے لیے جانا چاہیں تو پیشگی اطلاع کریں انتظامات کر دیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈکپ؛ پاک بھارت میچ کا بخار! احمد آباد کے اسپتالوں میں رش بڑھ گیا

ذرائع نے بتایا کہ آمد سے قبل ہی ٹیم کو بخوبی اندازہ تھا کہ احمد آباد میں زیادہ احتیاط سے کام لینا ہوگا،ویسے بھی وہاں چند روز ہی گذارنے ہیں،میچ کے اگلے دن اتوار کو اسکواڈ بنگلورو روانہ ہو جائے گا، ٹیم مینجمنٹ نے ہوٹل میں ہی کرکٹرز کیلیے پول ٹیبل لگوا دی، ساتھ ٹیبل ٹینس کھیلنے کیلیے بھی انتظام کر دیا ہے، سوئمنگ و ٹریننگ کے مواقع بھی موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی شاہینوں نے ''بھارت'' فتح کرنے کی ٹھان لی

ایک کھلاڑی نے بتایا کہ حیدرآباد میں ہمارا بہت اچھا وقت گذرا،2 بار ڈنر کیلیے باہر گئے، ایک بار بریانی کھائی دوسری بار کباب وغیرہ سے لطف اندوز ہوئے، آرچری اور گوکارٹنگ سے دل بہلایا جبکہ شاپنگ کا بھی موقع ملا، وہاں ایئرپورٹ پر زبردست استقبال ہوا، ہوٹل کا اسٹاف بہت اچھا تھا اور ہمارا بہت خیال رکھا،امید ہے دیگر شہروں میں بھی ایسی ہی مہمان نوازی ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں