ایم ڈی کیٹ پرچے کے دوران امتحانی مرکز کے اطراف موبائل سروس بند ہوگی، محکمہ داخلہ

احتشام بشیر  ہفتہ 4 نومبر 2023
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 پشاور: خیبرپختونخواہ حکومت نے ایم ڈی کیٹ کے امتحانات کے حوالے سے پلان اور قواعد و ضوابط تیار کرلیے۔

محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے میں 26 نومبر کو منعقد ہونے میڈیکل داخلہ ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) کے امتحان کا پلان اور قواعد و ضابط تیار ہیں۔

اعلامیے کے مطابق پشاور سمیت گیارہ اضلاع  ڈی آئی خان، کوہاٹ، مردان، لوئر دیر، سوات اور ابیٹ آباد میں ایم ڈی کیٹ ٹسٹ کیلئے امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے اور ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔

ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کیلئے پرنٹنگ و دیگر اہم اقدامات پشاور پولیس کی زیر نگرانی کیجائے گی جبکہ امتحانات کیلئے ڈیوٹی عملے کی تفصیلات خیبر میڈیکل یونیورسٹی جاری کرے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی سے امتحانی مراکز تک تمام تر امتحانی سامان کی ترسیل پولیس کی نگرانی میں ہوگی، امتحان کیلئے واک تھرو گیٹ سمیت تمام تر سیکیورٹی اقدامات کیلئے پولیس کو ایف آئی اے کی معاونت حاصل ہوگی۔

امتحانی حال میں لیڈیز پولیس کو بھی تعینات کیا جائے گا جبکہ حال کے باہر و آس پاس ٹریفک کا نظام محکمہ ٹریفک سنھبالے گا، ٹیسٹ کے اوقات کے دوران تمام مراکز کے نزدیکی موبائل ٹاورز کے سروسز کو معطل کیا جائے گا۔

محکمہ داخلہ کے مطابق خیبر پختونخواہ کے تمام محکموں کے سیکرٹریز و دیگر انتظامی افسران کو اعتماد میں لیکر تمام تر امتحانی معاملات سے دور رکھا جائے گا، پولیس صرف سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

صوبے کے تمام مختص امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے،  ڈیوٹی عملہ، طلبا و طالبات پر موبائل کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہوگی، کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے محکمہ صحت کا عملہ تعینات رہے گا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ تمام سات اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز  بھی بطور ریجنل کوارڈنیٹر آفیسرز اپنے فرائض انجام دیں گے اور متعلقہ اداروں کو آپس میں بہترین کوارڈینیشن رکھنے کا پابند کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔