کراچی میں پولیس مقابلوں کے بعد 5 ڈاکو گرفتار
ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا، زخمی ڈاکوؤں کو اسپتال منتقل کردیا گیا
کراچی پولیس نے مقابلوں کے بعد 5 ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ناظم آباد پولیس نے چار نمبر گجر نالے کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ، زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت 22 سالہ محمد عاقب ولد محمد رشید کے نام سے کی گئی۔
دوسرے گرفتار ڈاکو کی شناخت محمد ابوبکر ولد محمد گلزار کے نام سے کی گئی، ملزم عاقب کی دائیں ٹانگ پر ایک گولی لگی ہے، ڈاکٹر حالت خطرے سے باہر بتاتے ہیں، گرفتار ملزمان سے 2 پستول تیس بور مع ایمونیشن، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
جمشید کوارٹر پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب کشمیر روڈ کے ڈی اے ہال کے قریب سے مبینہ پولیس مقابلے کے بعد 3 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت 31 سالہ باسط حسین عرف شاہ رخ ولد سجاد حسین، 45 سالہ محمد نعیم عرف لمبا ولد محمد یونس اور 38 سالہ محمد رویت قمر عرف مون ولد محمد قمر کے ناموں سے کی گئی، گرفتار ملزمان سے 3 پستول مع ایمونیشن، موبائل فونز، نقدی اور 2 موٹرسائیکلیں برآمد کی گئی۔گرفتار ملزمان سے علاج و معالجے کے بعد ان کے دیگر ساتھیوں اور واراداتوں کے حوالے سے تفتیش کی جائے گی ۔