زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی قدر میں کمی
ڈالر کے اوپن ریٹ 287 روپے سے نیچے آگئے
زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا رہا جس سے ڈالر کے اوپن ریٹ 287 روپے سے نیچے آگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سعودی عرب کی 5 دسمبر کو میچور ہونے والے پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ میں ایک سال کی توسیع اور کویت کی پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے 10 معاہدے طے پانے جیسے عوامل کے باعث ڈالر کے مقابلے میں روپی تگڑا رہا۔
جمعرات کو کاروباری دورانیے کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک موقع پر 79 پیسے کی کمی سے 284 روپے 60 پیسے پر بھی آگئی تھی لیکن کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 23 پیسے کی کمی سے 285 روپے 16 پیسے پر بند ہوئی۔
جبکہ دو روزہ وقفے کے بعد اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 50 پیسے کی کمی سے 286 روپے 50 پیسے پر بند ہوئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اچھے سینٹیمنٹس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 285 روپے کے گرد منڈلا رہا ہے، معیشت کی بحالی اور ایس آئی ایف سی میں آرمی چیف کے اہم کردار سے تجارتی و صنعتی شعبوں میں اعتماد بڑھنے کے ساتھ مثبت امیدیں بھی بڑھ گئی ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہی وجہ ہے کہ مقامی اسٹاک مارکیٹ میں غیرملکیوں کی سرمایہ کاری میں دلچسپی میں اضافہ ہورہا ہے، آنے والے مہینوں میں غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم بڑھنے کی توقعات پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ بتدریج تگڑا ہورہا ہے۔