سندھ ہائیکورٹ کا الآصف اسکوائر تا ٹول پلازہ تجاوزات کے خاتمے کا حکم
عدالت نے تحریری حکم نامے میں تجاوزات ایک ماہ میں ختم کرنے اور رینجرز اور پولیس کو انتظامیہ کی مدد کرنے کی ہدایت کی ہے
سندھ ہائیکورٹ نے الآصف اسکوائر ،ایم نائن کے اطراف تجاوزات کے خاتمے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ایک ہفتے میں الآصف اسکوائر کے اطراف سے تمام تجاوزات ختم کرائے۔
ہائی کورٹ کے حکم میں کہا گیا ہے کہ الآصف اسکوائر سے ٹول پلازہ تک تجاوزات ایک ماہ میں ختم کرائی جائیں اور رینجرز اور پولیس تجاوزات کے خاتمے میں انتظامیہ کی مکمل مدد اور مطلوبہ نفری بھی فراہم کریں۔
عدالت عالیہ کے حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ تجاوزات ختم کر کے سوس روڈ،گرین بیلٹ کی فوری تزئین و آرائش کی جائے۔ این ایچ اے ،ایف ڈبلیو او علاقہ تحول میں لے کر ترقیاتی کام اور تزئین و آرائش کرائیں۔
عدالت نے اصل ماسٹر پلان کے مطابق سروس روڈ، گرین بیلٹ اور فٹ پاتھ کلئیر کرانے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ ایسے اقدامات کیے جائیں تاکہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہوں۔
عدالت نے ڈپٹی کمشنر ایسٹ، ڈی جی رینجرز، ایس ایس پی ویسٹ، ایف ڈبلیو او اور این ایچ کو عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 11 جنوری 2024 تک ملتوی کردی۔