الیکشن سے پہلے لاپتہ ساتھیوں کی واپسی ہوجائے گی، فاروق ستار

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 2 دسمبر 2023
ایک ایم کیو ایم قائم کرنے کا پھرسے موقع آرہا ہے،سینئر ڈپٹی کنوینئر

ایک ایم کیو ایم قائم کرنے کا پھرسے موقع آرہا ہے،سینئر ڈپٹی کنوینئر

  کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ناظم آباد ٹاؤن کی جانب سے یوسی 46 کے انتخابی آفس کا افتتاح کردیا گیا۔

سینئر ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کراچی سمیت اندرون سندھ کے علاقوں میں بدترین حالات ہیں آج کراچی ماحولیاتی آلودگی کا شکار ہے ، سندھ میں انسان کے رہنے لائق کے سہولیات نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی چلتا ہے تو پورا پاکستان اور اسلام آباد چلتا ہے اگر پاکستان کو چلانے والوں نے اس شہر کے بنیادی مسائل حل نہ کئے تو یہ پاکستان کی ترقی روکنے کے مترادف ہوگا ، کراچی کو سالانہ 400 ارب اربن انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے لئے چاہئے مقامی حکومت کی خود مختاری، ٹیکسوں کی منصفانہ تقسیم اس شہر میں ترقی کی راہ کھول سکتی ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایک ایم کیو ایم قائم کرنے کا پھرسے موقع آرہا ہے، ہماری سیٹوں کی 2018 میں چائنہ کٹنگ کی گئی تھی لیکن ہم اس بار کراچی کی تمام 22 نشستیں حاصل کریں گے، آج حلقہ بندیوں کا فیصلہ آیا ہے، ایک بار پھر مینڈیٹ پر شب خون مارنے کی تیاری ہے ۔ شہر کے حصے کی سرکاری نوکریاں جو وڈیروں نے غصب کر لیں، ان سے چھین کر عوام کو دیں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ لاپتہ ساتھیوں کے واپس آنے کی خوشخبری الیکشن سے پہلے ملنا شروع ہو جائے گی ہمارے سندھی بولنے والے بھائی وڈیروں کے چنگل سے آزاد ہوں گے، اب ہمیں مقامی حکومتوں کی مکمل خودمختاری چاہئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔