پی سی بی نے سلمان بٹ کو سلیکشن کنسلٹنٹ کے عہدے سے ہٹادیا
محمد حفیظ نے میچ فکسنگ میں سزا یافتہ سلمان بٹ کی تقرری پر اعتراض کیا تھا
نگراں وزیراعظم کی مداخلت پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تقرری کے اگلے ہی دن سلمان بٹ کو سلیکشن کنسلٹنٹ کے عہدے سے ہٹادیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے کہا کہ سلمان بٹ کا نام واپس لے لیا ہے اور وہ میری ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے، نہیں چاہتا کہ سلمان بٹ سے متعلق غلط باتیں کی جائیں۔
چیف سلیکٹر نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم سلیکشن میں سلمان بٹ کا کوئی کردار نہیں تھا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ یکم جنوری سے اسد شفیق بطور کنسلٹنٹ سلیکشن کمیٹی ممبر ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
مزید پڑھیں: کامران، سلمان اور راؤ افتخار چیف سلیکٹر کے کنسلٹنٹ مقرر
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز سابق کرکٹرز کامران اکمل، راؤ افتخار انجم اور سلمان بٹ کو چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا کنسلٹنٹ مقرر کیا تھا۔
رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان کے تینوں سابق کرکٹرز فوری طور پر اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کریں گے اور 12 جنوری سے نیوزی لینڈ میں ہونے والی پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کی سیریز انکا پہلا اسائنمنٹ ہوگا۔
مزید پڑھیں: سلیکشن کمیٹی میں ''فکسرز'' کو شامل کرنے پر مداح بورڈ پر برس پڑے
ایکسپریس نیوز کے مطابق میچ فکسنگ میں سزا یافتہ سلمان بٹ کے تقرر پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیا تھا جبکہ اعلیٰ حلقوں نے بھی اس فیصلے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے بھی سلمان بٹ کی تقرری پر اعتراض اٹھایا تھا جس کے بعد پی سی بی نے سلمان بٹ کو سلیکشن کنسلٹنٹ کی پوسٹ سے ہٹادیا ہے۔
وزیراعظم کا نوٹس
قبل ازیں نگران وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی میں متنازع تقرری کا سخت نوٹس لیا تھا۔ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر فوری طور پراس متنازع تعیناتی کو منسوخ کردیا گیا۔
نگران وزیراعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی میں غیر متنازع اور اچھی شہرت رکھنے والے سلیکٹرز کو شامل کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ غیر متنازع اور میرٹ پر تقرر شدہ سلیکٹرز ہی پاکستان کی بین الاقوامی کرکٹ میں نمائندگی کیلئے بہترین ٹیم کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ کرکٹ جیسے مقبول اور پاکستانیوں کے پسندیدہ کھیل کیلئے کھلاڑیوں کی سیلیکشن کمیٹی کو بھی غیر متنازعہ ہونا چاہئیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، پاکستان کرکٹ کو اسکے شاندار ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر سے کامیابی سے ہمکنارکرنے کے لیے تمام تقرریاں خالص میرٹ پر کریں گے۔