اسلام آباد میں راستے کے تنازع پر افغان باشندوں نے میاں بیوی کو قتل کردیا

تھانہ بارہ کہوکی حدود سترہ میل کے علاقہ میں راستے کے تنازع پر افغان باشندوں نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی، پولیس


December 05, 2023
فوٹو فائل

وفاقی دارالحکومت کے تھانہ بارہ کہو کی حدود میں مسلح افغان باشندوں نے راستے کے تنازع پر اندھا دھند فائرنگ کر کے گاڑی میں سوار میاں بیوی کو قتل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں تھانہ بارہ کہوکی حدود سترہ میل کے علاقہ میں دومسلح افغان باشندوں نے راستہ کے تنازع پر کارمیں سوارمیاں بیوی پراندھا دھند فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ کار میں سوار بیٹی فائرنگ سے معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔

ملزمان دوہرے قتل کی سنگین واردات کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگئے ہیں جنکی گرفتاری کے لئے پورے علاقہ میں پولیس ٹیمیں سرچنگ کرتی بتائی گئی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق انجینئیر محمدعاصم لانگ اپنی اہلیہ ردائے نور اور کمسن بیٹی سبرینہ کے ساتھ کارمیں گھر پہنچے تھے کہ انہیں پڑوسی مبینہ افغان باشندے شریف اللہ اوراسماعیل نے راستہ نہ دیا جس پر ان کے درمیان تکرار ہوئی۔

تکرار کے دوران دونوں افغان شہریوں نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے میاں بیوی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ انکی کمسن بیٹی سبرینہ فائرنگ سےمعجزانہ طور پر بچ گئی۔

پولیس نے دونوں لاشوں کو قبضے میں لے کر ضابطے کی کارروائی کیلیے پولی کلینک منتقل کردیا۔

دوسری جانب آئی سی سی پی او ڈاکٹراکبر ناصر خان نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ ایس ایس پی آپریشنز نے ملزمان کی گرفتاری کے کئے تین الگ الگ پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ دونوں ملزمان افغان باشندے اور خطرناک لوگ بتائے جاتے ہیں۔ اس ضمن میں ایس ایچ او تھانہ بارہ کہو عاشق خان نے ایکسپریس کے رابطہ پر بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کی سرتوڑ کوشش کررہے ہیں اوربہت جلد دونوں ملزمان قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں