کراچی میں ڈاکو بے لگام آن لائن فوڈ ڈیلیوری رائیڈر سمیت 2 افراد قتل
رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق شہریوں کی تعداد 126 ہوگئی
شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک شہری زخمی ہوگیا، رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق شہریوں کی تعداد 126 ہوگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نارتھ ناظم آباد میٹرک بورڈ آفس پیڈسٹرین برج کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے پہلے انتہائی تشویشناک حالت میں عباسی پھر وہاں سے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق مقتول کی شناخت 35 سالہ ارسلان کے نام سے کی گئی جسے سینے پر گولی لگی تھی اور وہ آن لائن فوڈ ڈلیوری کا کام کرتا تھا۔
اس حوالے سے ایس ایچ او پاپوش نگر سردار عباسی سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ واقعہ نارتھ ناظم آباد تھانے کی حدود میں پیش آیا جبکہ ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد فاروق سنجرانی کا کہنا تھا کہ جس مقام پر واقعہ پیش آیا ہے وہ پاپوش نگر کا علاقہ ہے تاہم اسپتال میں ضابطے کی کارروائی نارتھ ناظم آباد پولیس کر رہی ہے۔
اورنگی ٹاؤن کے علاقے علی گڑھ بازار شکیل پیلس کے قریب گلی میں فائرنگ کے واقعہ میں 45 سالہ سلیم نامی شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی۔
مقتول کے ہمراہ آنے والوں نے بتایا کہ سلیم گلی میں واک کر رہا تھا کہ سیاہ شلوار قمیض پہنے ہوئے ایک ڈاکو نے موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کی تھی جو کہ موقع سے فرار ہوگیا۔
مقتول رینٹ اے کار کے علاوہ گاڑیوں کی خرید و فروخت کا بھی کام کرتا تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق سوات سے اور وہ 4 بچوں کا باپ تھا ، ایس ایچ او اورنگی علی رضا نے بتایا کہ واقعہ کی ذاتی رنجش اور ڈکیتی سمیت دیگر پہلوؤں پر تحقیقات کر رہے ہیں۔
دریں اثنا کورنگی 5 نمبر اسٹاپ کے قریب دکان پر فائرنگ سے 28 سالہ شاہ رخ زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا ، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا جبکہ مضروب کو ٹانگ پر گولی لگی ہے۔