آئی جی سندھ کا یوم ثقافت پر کراچی میں شرپسندی کا نوٹس ملزمان کی گرفتاری کا حکم
ریلی کے دوران شرپسندوں نے پولیس موبائلز پر ڈنڈے برسائے، پاکستان مخالف نعرے بازی کی تھی
آئی جی سندھ نے یوم ثقافت کے موقع پر ایف ٹی سی کے قریب شرپسندی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نے ڈی آئی جی ساؤتھ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ پولیس موبائلز پر حملہ کرنے والے ملزمان کو شناخت کرکے قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نے مزید کہا کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے شرپسندوں کے خلاف بلاتفریق قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ اتوار کو سندھ کلچر ڈے پر کراچی میں شاہراہ فیصل ایف ٹی سی کے قریب ریلی کے دوران قوم پرست جماعت کے جھنڈے اٹھائے شرپسندوں نے پولیس موبائلز پر ڈنڈے برسائے تھے۔
ریلی کے دوران بعض شرپسندوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی میں پاکستان مخالف نعرے بازی کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔