واردات کیلئے جانے والا ڈاکو اتفاقیہ طور پر زخمی ہوکر گرفتار

اسٹاف رپورٹر  بدھ 6 دسمبر 2023
ڈاکو اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر واردات کی نیت سے جا رہا تھا کہ ساتھی کے پستول سے اتفاقیہ طور پر گولی چل گئی

ڈاکو اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر واردات کی نیت سے جا رہا تھا کہ ساتھی کے پستول سے اتفاقیہ طور پر گولی چل گئی

  کراچی: نارتھ ناظم آباد بلاک بی میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والا شخص ڈاکو ہے جو اپنے ہی ساتھی کے ساتھ موٹرسائیکل پر واردات کی نیت سے جاتے ہوئے ساتھی کی پستول سے اتفاقیہ گولی چلنے سے زخمی ہوا ہے ، اسے پولیس نے اسپتال سے گرفتار کر لیا۔

نارتھ ناظم آباد کے علاقے بلاک بی صائمہ برج کے فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا ، جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

زخمی کی شناخت 25 سالہ اقبال ولد احسن کے نام سے کی گئی ، اس کے متضاد بیانات پر پولیس نے واقعے کی تحقیقات کی اور جائے وقوعہ پہنچ کر اس کی موٹرسائیکل برآمد کر کے قبضے میں لے لی۔

جائے وقوعہ سے عینی شاہدین کے بیانات لینے کے بعد پولیس نے زخمی کو باقاعدہ حراست میں لے کر سختی سے بیان لیا تو اس نے بتایا کہ وہ ڈکیت گینگ کا کارندہ ہے۔

واقعے کے وقت وہ اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر واردات کی نیت سے جا رہا تھا کہ اس کے ساتھی کے پستول سے اتفاقیہ طور پر گولی چل گئی تھی جس سے وہ زخمی ہوا۔

واقعے کے بعد اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا ، پولیس فرار ہونے والے ڈٓاکو کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔