کراچی کی بڑی کاروباری فیملی سے 2 ارب روپے بھتہ طلب
نامعلوم افراد کی جانب سے ای میل پر ایف آئی اے سائبر کرائم نے انکوائری شروع کردی
شہر کی ایک بڑی کاروباری فیملی کو بلیک میل اور 2 ارب روپے بھتہ طلب کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق حال ہی میں انتقال کرجانے والے کراچی کے ایک بڑے کارروباری فرد کو نامعلوم افراد کی جانب سے ای میل موصول ہوئی تھی جس میں 2 ارب روپے بھتے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں اہل خانہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔
فیملی سے 2 ارب روپے سے زائد بھتہ وصولی کیلئے ای میل کی گئی تھی جس میں کہا گیا کہ رقم بینک اکاونٹ میں منتقل کی جائے، فیملی کی قانونی مشاورت سے تعلق رکھنے والے افراد نے گزشتہ دنوں کیس کی تحقیقات کے لیے تحریری طورپردرخواست دی تھی، جس کو بدھ کی شام باقاعدہ انکوائری میں تبدیل کردیا گیا۔
اگلے مرحلے میں اس معاملے پرجے آئی ٹی بھی تشکیل دی جائے گی، اس حوالے سے مذکورہ فیملی کے افراد کوبیانات ریکارڈ کرانے کے لیے ایف آئی اے سائبرکرائم سرکل کراچی بلوایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مدعی کی جانب سے بھاری بھرکم بھتے کے تقاضے سے متعلق شکایت تحریری درخواست ایف آئی اے سائبرکرائم اسلام آباد کو موصول ہوئی جس کے بعد معاملہ ایف آئی اے سائبرکرائم کراچی کے سپرد کیا گیا۔