ایکشن میں مسائل سے بولنگ متاثر ہوئی شاداب خان

فارم میں واپسی کیلیے کوشش کررہا ہوں، ثقلین سے بھی بات ہوئی، آل راؤنڈر


Saleem Khaliq December 09, 2023
فارم میں واپسی کیلیے کوشش کررہا ہوں، ثقلین سے بھی بات ہوئی، آل راؤنڈر (فوٹو: فائل)

آل راؤنڈر شاداب خان نے کہا ہے کہ بولنگ ایکشن میں مسائل سے میری کارکردگی متاثر ہوئی۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو خصوصی انٹرویو میں آل راؤنڈر شاداب خان نے کہا کہ ورلڈکپ میں توقعات کے مطابق کارکردگی نہ رہی، کبھی بنیادی غلطیاں ایسی ہورہی ہوتی ہیں کہ آپ کو خود ان کا اندازہ نہیں ہو پاتا، میرے ایکشن میں ایسا توازن نہیں تھا کہ تسلسل کے ساتھ مطلوبہ لینتھ پر گیند کرسکوں، میں اس مسئلے پر قابو پانے کی کوشش کررہا ہوں تاکہ فارم میں واپس آسکوں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ثقلین مشتاق سے بھی بات ہوئی، ویڈیوز وغیرہ بھی بنی ہیں، ایکشن میں تھوڑی سی تبدیلی آگئی تھی، مسئلے کا پتا چل گیا تو اس کا حل بھی نکل آئے گا۔

بیٹنگ پر زیادہ توجہ سے کارکردگی متاثر ہونے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ میں بولنگ کی بہت زیادہ مشق کرتا ہوں، بیٹنگ زیادہ نہیں کرتا، پرفارمنس اچھی نہیں ہوتی تو اس طرح کی باتیں سامنے آتی ہیں کہ اس وجہ سے نہیں ہورہا،اصل مسئلہ بولنگ ایکشن میں توازن کا ہے، اس پر کام بھی ہورہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میں اچھا نہیں کھیل سکا، شاداب نے اعتراف کرلیا

انھوں نے کہا کہ بھارتی کنڈیشنز میں درمیانی اوورز میں وکٹیں حاصل نہ ہوں تو ٹیم کو مشکل پیش آتی ہے،افسوس ہے کہ میں ایسی بولنگ نہیں کر سکا جو ٹیم کیلیے مددگار ہوتی،بہرحال زندگی اور کرکٹ میں اس طرح کے مواقع آجاتے ہیں، ہمیں آگے کی طرف دیکھنا پڑتا ہے، میں کوشش کروں کہ غلطیاں نہ دہراؤں اور کھیل میں بہتری لاؤں۔

آل راؤنڈر نے کہا کہ اگر دستیابی ممکن ہو تو قومی کرکٹرز کو ڈومیسٹک ایونٹس ضرور کھیلنا اور تجربہ حاصل کرنا چاہیے، ہم بھی اسی سسٹم سے آئے ہیں، ہمارے ساتھ کھیلنے سے نوجوانوں کو فائدہ ہوتا ہے،ہمیں بھی سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

شاداب خان نے کہا کہ میں ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرکے ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانا چاہتا ہوں،اسی لیے بگ بیش کا کنٹریکٹ بھی چھوڑا، 4 روزہ کرکٹ میں مجھے اپنی بولنگ میں بہتری لانے کا موقع ملے گا، اچھی کارکردگی دکھاکر طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں کم بیک کرنا چاہتا ہوں، 4 روزہ میچز میں اپنی بولنگ اور بیٹنگ میں بہتری لانے میں کامیاب ہو گیا تو اس میں پاکستان ٹیم کا بھی فائدہ ہے، اسی لیے بگ بیش میں شرکت کے بجائے خود پر اپنے وقت کی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، آئندہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل میری فارم میں بحالی قومی ٹیم کیلیے سود مند ثابت ہوسکتی ہے،میں ٹورنامنٹ کا بہترین پلیئر بننا چاہتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: نیشنل ٹی20 کپ؛ شاداب انجری کا شکار ہوگئے

تکلیف کی وجہ سے پلیئرکے کندھے پر سوار ہوکر ڈریسنگ روم واپس گیا

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں انجری کے بعد ساتھی کھلاڑی کے کندھے پر سوار ہوکر میدان سے باہر جانے کے سوال پر شاداب خان نے کہا کہ گیند پر پھسلنے سے ٹخنہ مڑ گیا تھا،میں نے چلنے کی کوشش کی مگر درد بہت زیادہ ہورہا تھا، ہمت نہیں ہوئی تو ایک کھلاڑی کے کندھے پرسوار ہوکر ڈریسنگ روم واپس گیا، کوئی بڑی انجری نہیں ہوئی مگر رپورٹ دیکھ کر ڈاکٹرز نے ابھی بحالی کا وقت نہیں بتایا، لگ رہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے دستیاب ہوجاؤں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں