کراچی 7ماہ سے رشتہ ازدواج میں منسلک خاتون کا مبینہ طور پر قتل

خاتون کی لاش قانونی کارروائی کے لیے پرائیویٹ طور پر جناح اسپتال منتقل کی گئی


Staff Reporter December 10, 2023
فوٹو : ایکسپریس نیوز

کورنگی مہران ٹاؤن کے مکان سے ایک خاتون کی لاش ملی ہے جسے مبینہ طور پر تشدد کرکے قتل کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا تھانے کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن سیکٹر6 عمر بن خطاب مسجد کے قریب ڈی مکان نمبر ایم بی 53 سے خاتون کی لاش ملی ہے جسے مبینہ طور پر تشدد کرکے قتل کیا گیا۔

خاتون کی لاش قانونی کارروائی کے لیے پرائیویٹ طور پر جناح اسپتال منتقل کی گئی، خاتون کی شناخت 18 سالہ روما زوجہ سلیم کے نام سے ہوئی ہے۔

رابطہ کرنے پر ایس ایچ او کورنگی عبید اللہ نے بتایا کہ پولیس کی خاتون کے ماموں سے موبائل فون پر بات ہوئی ہے اور ماموں نے پولیس کو بتایا کہ رات میں روما سے ان کی بات ہوئی تھی اور وہ بلکل ٹھیک تھی لیکن اتوار کو دوپہر میں معلوم ہوا کہ اس کی طبیعت خراب ہوئی ہے جسے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ اسپتال سے اطلاع موصول ہونے پر ڈیوٹی افسر کو اسپتال روانہ کر دیا گیا ہے، ڈیوٹی افسر اسپتال پہنچ کر تمام تر تفصیلات اکٹھا کرے گا جس کے بعد ہی حقائق سامنے آئیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ فوری طور پر وجہ موت کا تعین نہیں ہوسکا، پولیس اس حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔

خاتون کے والد نے جناح اسپتال میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ میں اپنی بیٹی سے بہت پیار کرتا تھا، بیٹی کے لیے نئے کپڑے اور پھل بھی خریدے تھے۔ بیٹی کی طرف جانے کے لیے گھر سے نکلا تھا کہ راستے میں اطلاع ملی کہ بیٹی جناح اسپتال میں ہے، جناح پہنچ کر دیکھا تو بیٹی کی لاش پڑی تھی۔ میری بیٹی کی عمر19 سے 20سال تھی۔

انہوں نے بتایا کہ بیٹی کی دور کے رشتہ داروں میں شادی کی تھی جبکہ سات ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔ ابتدائی دنوں سے ہی اولاد کے لیے میری بیٹی کو اسکی ساس تعویزات پلایا کرتی تھی جس وجہ سے ذہنی دباؤ کا شکار بھی تھی۔ ہفتے کی شب بیٹی سے بات ہوئی، وہ بلکل ٹھیک تھی لیکن صبح کال کی تو نمبر بند تھا، سسرالیوں کی طرف سے کوئی جواب نہیں آرہا تھا۔ بیٹی اکثر اپنی ماں سے ساس اور شوہر کے تشدد کی شکایات کرتی تھی۔ شبہ ہے کہ ساس اور شوہر کی جانب سے شدید ذہنی دباؤ اور تشدد سے میری بیٹی کی موت واقع ہوئی ہے۔

جاں بحق ہونے والی خاتون کے شوہر سلیم نے بتایا کہ ہفتے کی شب 12 بجے کام سے واپس گھر پہنچا تو بیوی کے ساتھ کھانا کھایا اور اس کے بعد رات ڈھائی بجے تک ہم ٹی وی دیکھتے رہے، ڈھائی بجے کے بعد بیوی ٹی وی بند کرکے سوگئی، صبح ساڑھے پانچ بجے اہلیہ نے اسے اٹھا کر پانی مانگا لیکن بیوی نے پانی پیا نہیں اور اس کے بعد بیوی میرا ہاتھ زور سے پکڑ کر دوبارہ لیٹ کر سوگئی۔

شوہر نے بتایا کہ صبح ساڑھے 10 بجے میں سو کر اٹھا اور اس کے بعد بیوی کو اٹھانے کی کوشش کی لیکن بیوی نہیں اٹھی، شادی کو چھ ماہ ہوئے ہیں اور بیوی کو کوئی بیماری نہیں تھی، میں اپنی بیوی پر تشدد نہیں کرتا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں