پاکستان ویمنز ٹیم کی نگاہیں نئی بلندیوں پر مرکوز

نیوزی لینڈ کیخلاف کل شروع ہونے والی ون ڈے سیریز میں بھی کامیابی کیلیے پُرامید


Sports Desk December 11, 2023
کرکٹرز کی بھرپور ٹریننگ، مقابلے چیمپئن شپ کی وجہ سے کافی اہم ہیں، سلیم جعفر (فوٹو: پی سی بی)

پاکستان ویمنز ٹیم نے نئی بلندیوں پر نگاہیں جمالیں جب کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کا آغاز منگل سے ہوگا۔

پاکستان ویمنز ٹیم نے نیوزی لینڈ کو اس کے ملک میں پہلی بار ٹی 20 سیریز میں شکست دینے کا کارنامہ انجام دیا، اب نگاہیں کیویز کے خلاف ایک روزہ سیریز میں بھی کامیابی پر مرکوز ہوگئی ہیں۔

اتوار کے روز کھلاڑیوں نے کوئنز ٹاؤن کے جان ڈیوس اوول میں آپشنل ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا، ندا ڈار اور شوال ذوالفقار نے فٹنس مسائل کی وجہ سے آرام کیا، دونوں ممالک کے درمیان 3 ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز منگل سے ہورہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا

قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ ٹوئنٹی 20 سیریزمیں کامیابی سمیٹنے کے بعد اب ہماری توجہ ون ڈے سیریز پر ہے، نیوزی لینڈکے حالات سے ہم آہنگ ہونے کا کریڈٹ کھلاڑیوں کو ملنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پلیئرز نے تینوں شعبوں، بیٹنگ،بولنگ اور فلیڈنگ میں بہترین کارکردگی دکھائی جو کہ قابل تعریف ہے، ایک روزہ مقابلے آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہونے کی وجہ سے ہمارے لیے انتہائی اہم ہیں، ہم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز جیتنے کے بعد ون ڈے سیریز بھی جیتنے کی کوشش کریں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ فاطمہ ثنا نے انجری سے واپسی کے بعد محنت کی ہے، انھوں نے ٹریننگ میں لمبی بولنگ کی اور پریکٹس میچز کے ذریعے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے لیے تیاری کی، ان کا شاندار کارکردگی پیش کرتے ہوئے سیریز کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز پانا خوش آئند ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں