اقوام متحدہ میں غزہ کیلیے انسانی امداد بڑھانے کی قرار داد منظور
امریکا اور روس نے قرارداد کی ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا
December 22, 2023
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ کے لیے انسانی امداد کو بڑھانے کے لیے قرارداد منظور کرلی۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق قرارداد میں "دشمنی کے پائیدار خاتمے کے لیے حالات پیدا کرنے" کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ امریکا اور روس نے قرارداد کی ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا جبکہ قرارداد کی مخالفت میں کوئی ووٹ کاسٹ نہیں کیا گیا۔
یہ ووٹ مہینوں سے جاری تنازع کو ختم کرنے کے لیے بین الاقوامی مطالبات کے بعد سامنے آیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا کے اعتراض کے بعد سلامتی کونسل میں غزہ پرووٹنگ چوتھی بار موخر کردی گئی تھی۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ کو انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لیے پیش کی جانے والی قرارداد امریکا کی جانب سے ویٹو کیے جانے کے خدشے کے پیش نظر چوتھی مرتبہ ملتوی کی گئی تھی۔
علاوہ ازیں امریکا نے قرارداد میں جنگ بندی اور دشمنی کے الفاظ استعمال کرنے پر اعتراض کیا تھا۔