کراچی سے لاپتہ سابق ایم این اے نثار پہنور گھر پہنچ گئے

سندھ ہائیکورٹ نے دونوں کی بازیابی سے متعلق درخواستیں نمٹا دیں


کورٹ رپورٹر February 21, 2024
فوٹو: فائل

کراچی سے لاپتہ سابق ایم این اے نثار پہنور اور ان کے بیٹے کے واپس گھر پہنچنے پر سندھ ہائیکورٹ نے دونوں کی بازیابی سے متعلق درخواستیں نمٹا دیں۔

سندھ ہائیکورٹ نے دیگر شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر صوبائی ٹاسک فورس اور جے آئی ٹیز اجلاس جاری رکھنے کا حکم دیا۔

جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو سابق رکن قومی اسمبلی نثار پہنور اور ان کے بیٹے محسن پہنور سمیت دیگر شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ 3 لاپتہ افراد گھر واپس آگئے، پولیس نے عدالت میں رپورٹ جمع کرا دی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ سلطان اور زردار خان بازیاب ہو کر گھر واپس آگئے، شیریں جناح کالونی کے علاقے سے لاپتہ ہونے والا نواز بھی گھر واپس آگیا۔ ایس ایس پی ایسٹ و دیگر تفتیشی افسران عدالت میں پیش ہوئے۔

نثار پہنور اور ان کے بیٹے کے وکیل نے عدالت میں پیش ہوکر بتایا کہ دونوں گھر واپس آچکے ہیں، عدالت نے دونوں کی بازیابی سے متعلق درخواستیں نمٹا دیں۔

عدالت نے ایس ایس پی سے استفسار کیا کہ شہریوں کو کون لے گیا ہے؟ درخواست گزار نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں پولیس موبائل اور ان کے نمبر صاف نظر آرہے ہیں۔

عدالت نے لاپتہ شہریوں کی بازیابی کے لیے کارروائی جاری رکھنے کا حکم دیا۔ عدالت نے صوبائی ٹاسک فورس اور جے آئی ٹیز اجلاس بھی جاری رکھنے کا حکم دیا۔ عدالت نے محکمہ داخلہ اور وفاقی سیکریٹری داخلہ سے بھی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں