آرٹس کونسل میں ڈاکٹر فرحانہ اویس کے لیے ’اعترافِ کمال‘ کی تقریب

فرحانہ اویس نے ثابت کیا کہ عورت بھی مردوں سے ایک قدم آگے بڑھ کر کام کرسکتی ہے، محمد احمد شاہ


Staff Reporter February 21, 2024
فوٹو : ایکسپریس

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام معروف ٹی وی اینکر ڈاکٹر فرحانہ اویس کے لیے 'اعترافِ کمال' کی تقریب منعقد کی گئی جس میں نگراں صوبائی وزیر اطلاعات، اقلیتی امور، سماجی تحفظ و صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب کی صدارت پروفیسر احمد قادری جبکہ نظامت کے فرائض شاہدہ خورشید نے انجام دیے جبکہ تقریب میں رضوان صدیقی، اقبال لطیف، شہاب الدین شہاب، صبوحہ خان، پروفیسر ڈاکٹر ساجدہ پروین، اویس، نعیم سلطان و دیگر نے اظہارِخیال کیا۔

اس موقع پر نگراں صوبائی وزیر اطلاعات، اقلیتی امور، سماجی تحفظ و صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آرٹس کونسل ایک کنبے کی شکل اختیار کرچکا ہے، اس کا ہر ممبر گھر کے فرد کی طرح ہے، عالمی اردو کانفرنس میں جن لوگوں نے میرا ساتھ دیا وہ تعریف کے قابل ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرحانہ ایک ایسی عورت ہے جس نے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ نہ صرف مردوں کے شانہ بشانہ بلکہ اس سے بھی بڑھ کر کام کرسکتی ہے۔

پروفیسر احمد قادری نے صدارتی خطبہ میں کہا کہ اردو دل کو چھو لینے اور نفرتوں کو کم کرنے والی زبان ہے، فرحانہ نے اپنی قابلیت سے یہ ثابت کر دکھایا کہ زندگی کا سفر علم کا سفر ہوتا ہے۔

رضوان صدیقی نے کہا کہ فرحانہ اس عہد کی مثالی خاتون ہیں، انہوں نے اپنے گھر کو منظم رکھنے، بچوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ ٹی وی پروگراموں کو بھی خوش اسلوبی سے انجام دیا۔

ڈاکٹر فرحانہ اویس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا احسان ہے آج 30 سال بعد انہیں اس اعزاز سے نوازا گیا ہے، اللہ انسان کو کئی بار موقع دیتا ہے ، ٹیلی ویژن میں نیوز کے شعبے میں آنا محض ایک اتفاق تھا، انہیں ڈراموں اور فلموں کی بھی آفر ہوئی مگر مذہبی پروگرام کرنا ان کی ذاتی دلچسپی تھی۔

آرٹس کونسل کی جانب سے محمد احمد شاہ نے ڈاکٹر فرحانہ اویس کو گلدستہ بھی پیش کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں