کراچی میں شہری کی فائرنگ سے 2 مبینہ ڈاکو ہلاک

مارے گئے ڈاکو تھے یا عام شہری، معمہ بن گیا


Staff Reporter February 26, 2024
[فائل-فوٹو]

زمان ٹاون تھانے کی حدود کورنگی نمبر3 سیکٹر سی48 بانس والی گلی بلال مسجد کے پاس شہری کی فائرنگ سے مارے جانے والے ایک مبینہ ڈٓاکو کا پوسٹ مارٹم کر لیا گیا جبکہ دوسرے مبینہ ڈاکو کے ورثا نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کر دیا۔

پولیس کے مطابق مارے جانے والے مبینہ ڈاکو 18 سالہ عبد الخالق کا پوسٹ مارٹم کیا گیا جبکہ مارے جانے والے دوسرے مبینہ ڈاکو 23 سالہ عبد الرحمان کے ورثا نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کر دیا، عبدالخالق کو جسم کے مختلف حصوں پر 8 گولیاں لگیں تھیں جبکہ عبدالرحمٰن کے جسم کے مخلتف حصوں پر تین گولیا لگنے کے نشانات موجود ہیں، عبدالرحمٰن گیارہویں جماعت کا طالب علم تھا اور گارمنٹس فیکٹری میں کام کرتا تھا جبکہ اس کے دو بھائی لانڈھی میں مسجد کے پیش امام ہیں۔

قانونی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں، مارے جانے والے مبینہ ملزمان آپس میں گہرے دوست اور جمعہ گوٹھ کے رہائشی تھے۔

عبد الخالق کے بھائی عبدالرحیم کا کہنا تھا کہ مجھے اور میرے بھائی عبدالخالق کو 5 مارچ 2024 کو عمرے پر جانا تھا، پولیس نے عبد الرحیم کو بتایا کہ واحد نامی شہری نے فائرنگ کر کے دونوں مبینہ ڈٓاکوؤں کو قتل کیا البتہ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کی شب زمان ٹاؤن تھانے کی حدود میں موٹرسائیکلوں پر سوار 4 مسلح ملزمان نے ڈکیتی میں مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے حفاظت ولد عبدالشکور نامی شخص کو زخمی کیا اور موقع سے بھاگ نکلے۔

ایس ایچ او راؤ رفیق نے بتایا تھا کہ ملزمان نے گلی کے کونے پر موجود ایک اور شخص سے بھی اسلحے کے زور پر پرس اور موبائل فون چھینا اور فرار ہو رہے تھے کہ شہری نے اپنے پستول سے ان ملزمان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دونوں ملزمان زخمی ہوکر گر گئے جبکہ ان کے دو ساتھی موٹر سائیکل پر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

ایس ایچ او کے مطابق فائرنگ کی آوازیں سن کر موقع پر عوام کا ہجوم جمع ہوگیا اور انہوں نے زخمی دونوں ملزمان کو تشدد کا نشانا بنایا، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شخص اور دونوں زخمی ملزمان کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ اسپتال پہنچے سے قبل دونوں ملزمان دوران سفر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

پولیس حکام کے مطابق مارے جانے والے ملزمان سے اسلحہ، موٹر سائیکل اور دیگر لوٹا ہوا سامان برآمد کیا تھا، ایس ایس پی کورنگی نے واقعے کی شفاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں