لاہور میں نشے کے عادی سفاک شخص نے بیوی کو قتل اور بیٹی کو زخمی کردیا
والٹن میں نشے کے عادی شخص نے ماں، بیٹی پر چھریوں کے وار کر کے خود کو بھی زخمی کرلیا، پولیس
February 26, 2024
پنجاب کے دارالحکومت کے علاقے اسلام نگر والٹن میں نشے کے عادی شخص نے چالیس سالہ بیوی کو چھریوں کے وار سے قتل جبکہ بیٹی کو زخمی کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فیکٹری ایریا ،اسلام نگر والٹن کے علاقے میں نشے کے عادی شوہر نے گھریلو ناچاکی پر 40 سالہ بیوی کو چھریوں کے پے در پے وار کر کے قتل کردیا جبکہ سفاک شخص نے چودہ سالہ بچی کو بھی زخمی کردیا۔
مقتولہ کی شناخت 40 سالہ رائنہ مسیح جبکہ بیٹی کی شناخت14 سالہ زائنہ داؤد کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق 42 سالہ ملزم داؤد نے واردات کے بعد اپنی بھی کلائی چھری مار کر کاٹ لی، جس کے بعد اس کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس کے مطابق زخمی بیٹی اور ملزم داؤد کو لاہور جنرل اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں دونوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، پولیس اور فرانزک ٹیم نے شواہد جمع کر کے کاروائی کا اغاز کر دیا۔
پولیس اور تحقیقاتی اداروں کی کاروائی کے بعد لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانہ منتقل کیا جائے گا۔