کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں معمر شخص سمیت تین افراد جاں بحق
پٹیل پاڑہ میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے دو شہریوں کو زخمی کردیا
ناظم آباد گول مارکیٹ، پی آئی بی کالونی اور کورنگی مہران ٹاؤن میں فائرنگ کے واقعات میں 75 سالہ ضعیف العمر سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے، پٹیل پاڑہ میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے دو شہریوں کو زخمی کردیا۔
ایکسپریس کے مطابق ناظم آباد کے علاقے ناظم آباد گول مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی اسپتال منتقل کی گئی۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 75 سالہ محمد اقبال ولد اسماعیل کے نام سے کی گئی، وہ ناظم آباد نمبر تین کا رہائشی تھا جو واقعے کے وقت فجر کی نماز کے لیے گھر سے مسجد جا رہا تھا کہ اسے مسجد کے قریب فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا، مقتول کو دو گولیاں ماری گئی واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا نہیں دشمنی کا ہے مقتول سے کوئی چیز نہیں چھینی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان کی فائرنگ سے اقبال زخمی ہوا تھا جو اسپتال منتقلی کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوا، مقتول پانی کے جہاز پر کریو کا کام کرتا تھا تاہم اب وہ ریٹائرڈ ہو چکا تھا، مقتول کا ایک بیٹا آصف بھی شپ پر کریو کا کام کرتا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے سے عینی شاہدین کے بیان اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر رہے ہیں۔
دوسرے واقعے میں پی آئی بی کالونی کے علاقے پرانی سبزی منڈی عسکری پارک کے قریب کچرا کنڈی سے 40 سالہ شخص کی کمبل میں لپٹی لاش ملی جسے چھیپا ایمبولینس نے سول اسپتال منتقل کیا، مقتول کو نامعلوم ملزمان نے کہیں سے اغوا کیا اور تشدد کے بعد مار کر پھینک دیا، مقتول کی شناخت کی جارہی ہے۔
تیسرے واقعے میں کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے مکان نمبر 342 سیکٹر 15 مہران ٹاؤن میں واقع گھر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جسے چھیپا ایمبولینس نے جناح اسپتال منتقل کیا۔
ایس ایچ او کورنگی انڈسٹریل ایریا فراز خان نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 45 سالہ دل احمد ولد قاسم علی کے نام سے کی گئی، مقتول کی پہلی بیوی سال 2018ء میں پراسرار طور پر گھر میں آگ لگنے سے جل کر جاں بحق ہوگئی تھی بعدازاں مقتول نے دوسرے شادی کر لی تھی۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ مقتول کی دوسری بیوی کا بیان ہے کہ منگل کی صبح گھر کے دروازے پر دستک ہوئی اور بچے کی آواز میں کسی نے دروازہ کھولنے کا کہا جس پر اس نے جیسے ہی دروازہ کھولا دو ملزمان اندر داخل ہوئے اور اس کے شوہر دل محمد کے بارے میں پوچھا اس نے بتایا کہ اندر کمرے میں سو رہے ہیں تو ملزمان کمرے میں داخل ہوگئے اور سینے اور سر میں ایک ایک گولی ماری اور فرار ہوگئے۔
ایس ایچ او کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، مقتول 5 ماہ قبل جیل سے رہا ہوکر آیا تھا، ان دنوں بے روزگار تھا، پولیس نے جائے وقوع سے دو خول برآمد کیے ہیں، واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔
ایک اور واقعے میں جمشید کوارٹر کے علاقے لسبیلہ پی ایس او پیٹرول پمپ کے قریب فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں کی شناخت 32 سالہ زونیر ولد پرویز اور 30 سالہ عاطف ولد منظر کے ناموں سے کی گئی، ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا، زخمیوں نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا ہے کہ دو موٹرسائیکل سوار ملزمان نے ان سے موبائل فون ، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹنے کے بعد فرار ہوتے ہوئے انہیں فائرنگ کر کے زخمی کیا اور فرار ہوگئے ، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔