کراچی؛ بیوی نے شوہر کو قتل کرکے لاش کچرا کنڈی میں پھینک دی

اسٹاف رپورٹر  بدھ 28 فروری 2024
پولیس نے مقتول کی بیوی اور سسر کو گرفتار کرلیا:فوٹو:فائل

پولیس نے مقتول کی بیوی اور سسر کو گرفتار کرلیا:فوٹو:فائل

کراچی میں بیوی نے شوہر کو قتل کرکے لاش کچرا کنڈی میں پھینک دی۔

پی آئی بی تھانے کے اسٹیشن انویسٹی گیشن افسر کے مطابق مقتول فیضان کے قتل میں ملوث اس کی بیوی آرزو اور سسر نعیم کو گرفتار کر آلہ قتل (خنجر) برآمد کرلیا گیا ہے۔ مقتول گارڈن کا رہائشی تھا اور ویلڈنگ کا کام کرتا تھا۔ پولیس نے مقتول کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا۔

ابتدائی تحقیقات میں ملزمان نے پولیس کو بتایا کہ مقتول فیضان کو اس کی بیوی نے لسی میں نیند کی گولیاں دے کر بے ہوش کیا جس کے بعد ملزمہ اور اور اس کے والد نے چھریوں کے وار کرکے فیضان کو قتل کردیا۔ قتل کے بعد لاش کو کمبل میں لپیٹ کر موٹر سائیکل کے ذریعے پرانی سبزی منڈی لے جا کر کچرا کنڈی میں پھینک دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فیضان اور آرزو کی شادی ڈیڑھ سال قبل ہوئی تھی۔ ملزمہ کا کہنا ہے کہ فیضان مارپیٹ کرتا تھا اس وجہ سے والد کے ساتھ مل کر شوہر کے قتل کا منصوبہ بنایا۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔